
حیدرآباد، 19 جولائی(ہ س)۔ وزیراعلی اے ریونت ریڈی نے کانگریس پارٹی کے رہنماؤں کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر)مہم میں ناقص کارکردگی دکھانے والوں کو نامزد چیئرمین کے عہدے نہیں دیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ایک اعلیٰ سطحی آن لائن جائزہ اجلاس میں ان رہنماؤں پر ناراضی کا اظہار کیاجواب تک زمینی سطح پر سرگرم نہیں ہوئے اورمختلف اضلاع میں جاری ایس آئی آرمہم میں مؤثر کردارادا نہیں کررہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے ہدایت دی کہ تمام پارٹی رہنما فوری طور پرگاندھی بھون کے غیر ضروری دورے بندکریں اور3اگست تک،جودرخواستوں کی توسیع شدہ آخری تاریخ ہے، اپنی اپنی ذمہ داری والے اسمبلی حلقوں میں رہ کر مہم پرمکمل توجہ دیں۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ جوابدہی کا آغاز پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیاکہ جوارکانِ پارلیمنٹ (ایم پیز)اپنے حلقوں میں مؤثرکارکردگی کا مظاہرہ نہیں کریں گے،ان کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔ ساتھ ہی انہیں ہدایت دی گئی کہ پارلیمنٹ کےاجلاس کے دوران بھی اپنے حلقوں کی پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لیتے رہیں۔ریاست کے تمام119 اسمبلی حلقوں میں ایس آئی آرمہم کی پیش رفت کاجائزہ لینے کے لیے30جولائی کو ایک جامع اجلاس طلب کیا گیا ہے،جبکہ اس پیرکو10 انچارج وزراء کے ساتھ خصوصی اجلاس بھی منعقد ہوگا تاکہ مہم کو مزید مؤثر بنایا جاسکے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ کانگریس پارٹی اب تک ریاست بھر میں 489 ایس آئی آر اجلاس منعقد کر چکی ہے،تاہم انہوں نے زور دیا کہ خاص طور پر کمزور اسمبلی حلقوں میں مہم کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ ریونت ریڈی نے تمام اراکینِ اسمبلی، حلقہ انچارجز اور چیئرمین حضرات کو ہدایت دی کہ وہ پارٹی کے بوتھ لیول ایجنٹس(بی ایل ایز) کی رپورٹوں کا باریک بینی سے جائزہ لیں اور صرف سرکاری بوتھ لیول افسران (بی ایل اوز)کی رپورٹس پرانحصارنہ کریں۔ انہوں نے خبردارکیاکہ صرف بی ایل او رپورٹس پر بھروسہ کرنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔اس مقصد کے لیے گاندھی بھون کی ٹیم کو مسلسل نگرانی کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے تمام انچارج وزراء، ارکانِ پارلیمنٹ، ارکانِ اسمبلی، کارپوریشن چیئرمین اور دیگر ذمہ داران کو ہدایت دی کہ آئندہ 10 دنوںکے دوران اپنے اپنے اسمبلی حلقوں کا لازمی دورہ کریں تاکہ عوام سے براہِ راست رابطہ مضبوط بنایا جا سکے۔اس ورچوئل جائزہ اجلاس میں نائب وزیراعلیٰ بھٹی وکرمارکا، ٹی پی سی سی صدر مہیش گوڑ، اے آئی سی سی کی تلنگانہ انچارج میناکشی نٹراجن، اے آئی سی سی سکریٹری سچن ساونت، ریاستی وزراء، ارکانِ پارلیمنٹ، ارکانِ اسمبلی، ایم ایل سیز اور دیگر پارٹی ذمہ داران نے شرکت کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق