
ریاستی حکومت ہر حال میں کسانوں کے ساتھ ہے : موہن یادو
بھوپال، 19 جولائی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے خصوصی طور پر حساس ہیں۔ قدرتی آفتوں کی وجہ سے فصل کا نقصان ہونے پر کسانوں کو امداد فراہم کرنے کے مقصد سے وزیر اعظم فصل بیمہ اسکیم چلائی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ریاستی حکومت ہر حال میں کسانوں کے ساتھ ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے اتوار کے روز بھوپال کے پاس واقع جگدیش پور میں کابینہ کی میٹنگ کے بعد ریاست کے 10 لاکھ 54 ہزار کسانوں کے کھاتوں میں سنگل کلک سے 1460 کروڑ 25 لاکھ روپے کی رقم منتقل کی۔ یہ وزیر اعظم فصل بیمہ اسکیم کے تحت خریف-2025 کے فصل بیمہ کے کلیم کی رقم ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ اس بار ال-نینو کے اثرات کی وجہ سے اچھے مانسون کا امکان نہیں ہے۔ ایسی صورتحال میں کسان اپنی نوٹیفائیڈ (مشتہرہ) فصلوں کا بیمہ، طے شدہ تاریخ سے پہلے کروا لیں۔ اس سے پیداوار میں نقصان ہونے کی صورت میں کسانوں کو مالی امداد حاصل ہو سکے گی۔ ریاستی حکومت کسانوں کے مفاد میں مسلسل کام کر رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سالِ فلاحِ کسان میں ریاست کے اندر کسانوں کے مفاد میں پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ریاست میں بلرام زرعی فیسٹیول جاری ہے، جس میں کسانوں کو نامیاتی کھیتی، کھیتی میں جدید ترین مشینوں کے استعمال، فصلوں کے تنوع اور کیڑے مار ادویات کے کم سے کم استعمال کی ترغیب دی جا رہی ہے۔
وزیر فلاحِ کسان و زرعی ترقی ایدل سنگھ کنشانہ نے بتایا کہ ریاست میں وزیر اعظم فصل بیمہ اسکیم کے تحت سال 17-2016 سے سال 25-2024 تک 30 ہزار 942 کروڑ 34 لاکھ روپے کی ادائیگی متاثرہ کسانوں کو کی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن