
551 سرسوتی ودیا نکیتن(ماڈل اسکول) کا وزیر اعلیٰ نے کیا افتتاح،رام دھاری سنگھ 'دنکر' کے نام پر بیگو سرائے میں یونیورسٹی بنانے کا اعلان پٹنہ، 19 جولائی(ہ س)۔ وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری نے آج بیگوسرائے کے آئی او سی ایل اسٹیڈیم میں منعقدہ پروگرام میں ریاست کے 551 سرسوتی ودیا نکیتن(ماڈل اسکول) کا افتتاح کیا۔اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیم کسی بھی ترقی یافتہ معاشرے کی سب سے بڑی طاقت ہے اور بہار حکومت تعلیم کے میدان میں تاریخی تبدیلی لانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کا نشانہ ایسا تعلیمی ماحول تیار کرنا ہے جہاں ہر بچے کو جدید، معیاری، ٹیکنالوجی پر مبنی اور ثقافتی تعلیم مہیا ہو۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت کا وژن ہے کہ ’بہار پڑھے گا تب بہار آگے بڑھے گا‘ اس عزم کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اسکولی تعلیم میں وسیع پیمانے پر اصلاحات کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکول اب پرائیویٹ اسکولوں کے مقابلے معیاری تعلیمی ماحول تیار کررہے ہیں، تاکہ دیہی اور معاشی طور پر کمزور طبقات کے بچے بھی یکساں مواقع تک رسائی حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے حال ہی میں بہار اسکول لائیو کلاسز کا آغاز کیا ہے، جس سے طلباء کو ریاست کے ممتاز اساتذہ سے آن لائن تعلیم حاصل کرنے کا موقعہ مل رہاہے۔ 15 اگست سے’FILO App ‘ کے ذریعے لائیو انٹریکٹیو کلاسیز کی سہولت مہیا کرائی جائے گی ۔ اس ایپ کے ذریعے بچے کسی بھی وقت لائیو کلاسز تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔ منتخب اسکولوں میں اسمارٹ کلاس روم، ڈیجیٹل اسٹوڈیو، جدید لیبارٹری اور مسابقتی امتحانات بشمول NEET اور JEE کی تیاری کے لیے خصوصی انتظامات تیار کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ بہار کے طلباء کو اعلیٰ معیار کی تعلیم اور مسابقتی امتحانات کی تیاری کے لیے دوسری ریاستوں پر انحصار نہ کرنا پڑے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج کا یہ دن تاریخی ہے،کہ ایک ہی دن میں 551 سرسوتی ودیا نکیتن(ماڈل اسکول) کھولے جا رہے ہیں۔ ان ماڈل ا سکولوں میں چار لاکھ بچے تعلیم حاصل کریں گے۔ یہ ماڈل اسکول بچوں کے بہتر مستقبل کی مضبوط بنیاد فراہم کریں گے۔ یہ صرف نئے اسکول نہیں ہیں، بلکہ بہار کی نئی تعلیمی پالیسی اور ترقی یافتہ بہار کے عزم کی مضبوط بنیاد ہیں۔ ان اسکولوں کے ذریعے طلباء علم، اقدار، نظم و ضبط اور قوم کی تعمیر کا جذبہ پیدا کریں گے۔ حکومت نے اساتذہ کی بہتری کے لیے بھی کئی اقدامات کیے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ اساتذہ طلبہ کو اچھی طرح پڑھائیں تاکہ ان کا مستقبل بہتر ہو۔ اساتذہ کی بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے 29 جولائی سے تبادلوں کا عمل شفاف طریقے سے شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 15 جولائی کو 211 ڈگری کالجوں کا افتتاح کیا گیا۔ ساتھ ہی وکرم شیلا یونیورسٹی کے لیے زمین بھی دستیاب کرائی گئی ہے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے بیگوسرائے اور بہار کی مجموعی ترقی سے متعلق کئی اہم اعلانات کئے۔ انہوں نے کہا کہ مشہور کوی رام دھاری سنگھ 'دنکر' کی جائے پیدائش بیگوسرائے میں ان کے نام پر ایک یونیورسٹی قائم کی جائے گی۔ یہ یونیورسٹی اعلیٰ تعلیم، تحقیق، ادب اور ہندوستانی فکر کا ایک اہم مرکز بن جائے گی، جو آنے والی نسلوں کو قومی شاعر دنکر کے افکار اور ادبی ورثے سے جوڑے گی۔ بیگوسرائے میں 10 ایکڑ اراضی پر بھگوان سری وینکٹیشور(تروپتی) مندر قائم کیا جائے گا۔ یہ مندر مذہبی عقیدے کا ایک بڑا مرکز بننے کے ساتھ ساتھ سیاحت اور مقامی معیشت کو نئی رفتار دے گا۔ انہوں نے کہا کہ سمریا سے بھاگلپور تک گنگا ندی کے کنارے میرین ڈرائیو تعمیر کی جائے گی۔ یہ اہم مقاصد پروجیکٹ سیاحت، آمدو رفت اور علاقائی ترقی کو ایک نئی سمت فراہم کرے گا، اور گنگا کے کنارے کی ترقی کو بھی تیز کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ رکسول-ہلدیا ایکسپریس وے کی تعمیر سے بہار کے رابطے کو ایک نئی تحریک ملے گی۔ اس کے مکمل ہو نے سے بیگوسرائے اور مونگیر سمیت اس خطے کے لوگ تقریباً پانچ گھنٹے میں کولکاتہ کا سفر کر سکیں گے۔ اس سے صنعت، تجارت، زراعت، نقل و حمل اور سرمایہ کاری کو بڑا فروغ ملے گا اور ریاست کی اقتصادی ترقی کو ایک نئی سمت ملے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہار حکومت تعلیم، بنیادی ڈھانچے، صحت، سیاحت، ثقافت اور روزگار کے شعبوں میں مربوط ترقی کے لیے کام کر رہی ہے۔ ہم وزیر اعظم نریندر مودی کے ترقی یافتہ ہندوستان اور سابق وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار کے خوشحال بہار کے ویژن کو پورا کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔ ایک کروڑ لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کا ہدف حاصل کرنے کے لیے تیزی سے کام چل رہا ہے۔ اعلیٰ تعلیم سے بہتر روزگار حاصل کیا جاسکتا ہے۔ 1کروڑ 81لاکھ بہنوں کے کھاتوں میں 10,000 روپے کی رقم منتقل کی گئی ہے۔ جن کے کھاتوں میں رقوم نہیں آئیں انہیں 25 جولائی کو رقوم مل جائیں گی۔ سہیوگ شیویر کے ذریعے اب تک 6 لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جن میں سے 5لاکھ60 ہزار درخواستوں پر کارروائی کی جا چکی ہے۔ جو لوگ فیصلوں سے مطمئن نہیں ہیں، ان کے لیے ہر ماہ کے دوسرے منگل کو ریاستی سطح پر سہیوگ پروگرام شروع کیا گیا ہے، جہاں میری سطح پر درخواستوں پر کارروائی کی جاتی ہے۔ آج شیوہر میں باگمتی-بوڑھی گنڈک ریور لنکنگ پروجیکٹ کے تحت بیلوا-مینا پور لنک چینل کا افتتاح کیا گیا۔ باگمتی کا پانی اب بوڑھی گنڈک میں آئے گا۔ندی جوڑو منصوبے پر کام شروع ہو گیا ہے جس سے خوشحالی کی راہ ہموار ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ان اسکیموں اور پروجیکٹوں کے ذریعہ بہار تیزی سے ترقی یافتہ ریاستوں میں کے زمرے میںآگے بڑھے گا اور نوجوانوں کے خوابوں کو نئی اڑان ملے گی۔پروگرام کے دوران وزیر اعلیٰ کے سامنے سرسوتی ودیا نکیتن(ماڈل اسکول) پر مبنی ایک مختصر فلم کی نمائش کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے مختلف اسکیموں کے استفادہ کنندگان کو علامتی چیک، سرٹیفکیٹ/قبولیت کے خطوط پیش کیے، جن میں ستت جیویکو پارجن اسکیم، جیویکا سیلف ہیلپ گروپ انٹر کاسٹ میرج انسینٹیو گرانٹ اسکیم، ابھیان بسیرا، اور آیوشمان کارڈ سمیت دیگر مستفیدین شامل ہیں۔وزیر اعلیٰ نے پروگرام میں شرکت سے قبل بیگوسرائے بلاک کے تحت سرسوتی ودیا نکیتن (ماڈل اسکول) کے طور پر منتخب بی پی انٹر اسکول بیگوسرائے کے نام کی تختی کی نقاب کشائی کرکے افتتاح کیا۔ افتتاح کے بعد وزیر اعلیٰ نے سرسوتی ودیا نکیتن (ماڈل اسکول) بیگوسرائے کا معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران انہوں نے میوزک روم، لائبریری، فزکس لیب، اسمارٹ کلاس روم اور دیگر سہولیات کا معائنہ کیا اور فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں حکام سے دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ نے ا سکول کیمپس میں طلباء کی طرف سے لگائی گئی آرٹ اینڈ کرافٹ، جدید ٹیکنالوجی اور سائنس کی نمائش کا معائنہ کیا اور بچوں سے بات چیت کی۔ ان کی آمد پر اسکول کے بچوں نے استقبالیہ گیت اور ڈھول بجا کر ان کا استقبال کیا۔پرو گرام میں مرکزی ٹیکسٹائل وزیر گری راج سنگھ، نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار چودھری، وزیر تعلیم متھلیش تیواری، بیگوسرائے ضلع کے وزیر انچارج اور کوآپریٹو کے وزیر رام کرپال یادو، گنے کی صنعت کے وزیر سنجے کمار اور رکن اسمبلی کندن کمار نے بھی اس پروگرام سے خطاب کیا۔پروگرام میںرکن اسمبلی سریندر مہتا، رکن اسمبلی رجنیش کمار، رکن اسمبلی نریندر کمار سنگھ عرف بوگو سنگھ،رکن اسمبلی ابھیشیک آنند، قانون ساز کونسل کے رکن سرویش کمار، ضلع کونسل کے چیئرمین سریندر پاسوان، میئر پنکی دیوی، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری دیپک کمار، چیف سکریٹری پرتیئے امرت، ڈی جی پی ونئے کمار ، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری لوکیش کمار سنگھ ، مونگیر ڈویزن کے کمشنر پریم سنگھ مینا ، محکمہ اعلیٰ تعلیم کے سکریٹری راجیو روشن، بیگوسرائے رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس شیلیش کمار سنہا، بیگوسرائے کے ڈی ایم شری کانت شاستری، ایس پی منیش کمار سمیت دیگر سینئر افسران اور بڑی تعداد میں طلباء اور عام لوگ موجودتھے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan