
نئی دہلی، 17 جولائی (ہ س)۔ دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے جمعہ کو شکور پور سے دہلی کے مختلف علاقوں کے لیے 45 نئے آیوشمان جن آروگیہ مندروں کا افتتاح کیا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ دہلی حکومت جلد ہی 1,100 سے زیادہ آیوشمان جن آروگیہ مندروں کے قیام کے اپنے ہدف کو حاصل کر لے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج کا دن دہلی کے صحت کی دیکھ بھال کے شعبے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ صرف نئے مراکز صحت کا افتتاح نہیں ہے بلکہ دارالحکومت کے ہر شہری کو معیاری، قابل رسائی اور باعزت صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ حکومت کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کسی بھی شہری کو صحت کی بنیادی خدمات کے لیے طویل فاصلہ طے نہ کرنا پڑے اور لوگوں کو بروقت، معیاری علاج تک رسائی حاصل ہو۔
انہوں نے کہا کہ آج کے افتتاح کے ساتھ ہی دہلی میں 415 سے زیادہ آیوشمان جن آروگیہ مندر لوگوں کو ان کے گھروں کے قریب معیاری اور قابل رسائی بنیادی صحت خدمات فراہم کر رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ آیوشمان جن آروگیہ مندر عمومی آو¿ٹ پیشنٹ خدمات، زچہ و بچہ کی صحت کی خدمات، معمول کے ٹیکے لگانے، غیر متعدی امراض کے لیے مفت اسکریننگ، ضروری ادویات، صحت سے متعلق مشاورت اور تقریباً 80 قسم کے مفت ٹیسٹ پیش کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ مراکز بیماریوں سے بچاو¿، جلد تشخیص، بروقت علاج اور صحت سے متعلق آگاہی پر توجہ مرکوز کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد نہ صرف بیماریوں کا علاج کرنا ہے بلکہ لوگوں میں صحت مند طرز زندگی کو فروغ دینا بھی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ باقاعدگی سے ہیلتھ چیک اپ کروائیں، متوازن طرز زندگی اپنائیں اور یوگا اور ورزش کو اپنے روزمرہ کے معمولات کا حصہ بنائیں۔
شکور پور تقریب کے بعد، وزیر اعلیٰ نے تری نگر اسمبلی حلقہ میں تقریباً 14.25 کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا بھی افتتاح کیا۔ ان منصوبوں میں نیتا جی سبھاش پلیس کے علاقے میں پانچ سڑکوں اور ایک نالے کی تعمیر نو شامل تھی۔ ساتھ ہی سمراٹ انکلیو مارکیٹ کی تزئین کا آغاز کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے گجر چوپال، سینی چوپال اور شکور پور کے شمشان گھاٹ میں ترقیاتی منصوبوں کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے 6.25 کروڑ روپے کی لاگت سے محکمہ تعمیرات عامہ کی طرف سے تیار کردہ آٹھ بڑی سڑکوں کو بھی وقف کیا، جن میں لارنس روڈ، مہارشی پرشورام مارگ، پروانہ روڈ، جی اینڈ ایچ شکور پور روڈ، ایکلویہ مارگ، تھروولوور مارگ اور ویر ہیمو مارگ شامل ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی حکومت دارالحکومت میں صحت، بنیادی ڈھانچے اور شہری سہولیات کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ حکومت کا مقصد ایک ایسا نظام تیار کرنا ہے جہاں ہر شہری کو بروقت صحت کی خدمات، بہتر سڑکوں اور جدید سہولیات تک رسائی حاصل ہو، جس سے دہلی ایک صحت مند، خوشحال اور ترقی یافتہ دارالحکومت کے طور پر ترقی کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ پہلی بار راجدھانی کے ہر اسمبلی حلقہ میں بڑے پیمانے پر سڑک، ڈرین، کالونی، کچی آبادیوں کے ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ تری نگر اسمبلی حلقہ کئی سالوں سے بنیادی سہولیات کی کمی کے ساتھ جدوجہد کرتا رہا، لیکن اب اس علاقے میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام جاری ہیں۔ عوام نے ایسی حکومت کو منتخب کیا ہے جو خدمت اور ترقی کو ترجیح دیتی ہے۔
اس موقع پر تری نگر کے ایم ایل اے تلک رام گپتا سمیت کئی عوامی نمائندے، محکمہ صحت کے افسران، ڈاکٹرس، نرسنگ اسٹاف اور بڑی تعداد میں مقامی شہری موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی