
رانچی، 13 جولائی (ہ س)۔ جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی سمیت ریاست کے مختلف اضلاع میں 17 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ، آسمانی بجلی گرنے اور تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے اس سلسلے میں ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔ اس دوران 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، 14 جولائی کو ریاست کے شمال مشرقی اور جنوب مشرقی حصوں میں الگ الگ مقامات پر شدید بارش کا بھی امکان ہے۔محکمہ نے عوام سے محتاط رہنے اور خراب موسم کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کی اپیل کی ہے۔
رام گڑھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں سب سے زیادہ 34.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ وہیں،پاکور میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 36.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا اور کم سے کم درجہ حرارت لاتیہار میں 22.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
رانچی اور آس پاس کے علاقے پیر کی صبح سے مطلع ابر آلود رہے، حالانکہ بارش نہیں ہوئی۔ دن بھر حبس اور گرمی کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ دارالحکومت رانچی میں پیر کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30.8 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 24.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ جمشید پور میں زیادہ سے زیادہ 34.4 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 26.8 ڈگری سیلسیس، ڈالٹن گنج میں زیادہ سے زیادہ 35.4 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 26.7 ڈگری سیلسیس، بوکارو میں زیادہ سے زیادہ 35.5 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 26.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد