
نئی دہلی، 12 جولائی (ہ س): ہندوستان اور کناڈا کے درمیان مجوزہ جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے (سی ای پی اے) پر مذاکرات کا تیسرا دور 10 جولائی کو اوٹاوا میں اختتام پذیر ہوا۔ دونوں ممالک نے 2026 تک معاہدے پر بات چیت کو ختم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
ہندوستان اور کناڈا نے 6 سے 10 جولائی تک اوٹاوا میں انڈیا-کینیڈا سی ای پی اے کے لیے مذاکرات کا تیسرا دور ختم کیا۔ مذاکرات کے دوران کئی سطحوں پر مثبت پیش رفت ہوئی، جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے رہنماو¿ں نے 2026 تک مذاکرات مکمل کرنے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کی توثیق کی۔
محکمہ نے کہا کہ دونوں ممالک نے اشیا اور خدمات کی تجارت، دانشورانہ املاک، اصل مقام کے اصول، سینیٹری اور فائیٹو سینیٹری اقدامات اور تجارت میں تکنیکی رکاوٹوں پر پانچ روزہ بات چیت کی۔ ان مذاکرات کو اہم سمجھا جارہا ہے کیونکہ ہندوستان اور کناڈا نے 2030 تک دو طرفہ تجارت کو 50 ارب امریکی ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
محکمہ تجارت کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت مالی سال 2025تا2026 میں 8.22 فیصد کم ہوکر 7.95 بلین امریکی ڈالر رہنے کا امکان ہے جو کہ مالی سال 2024تا2025 میں 8.66 بلین امریکی ڈالر تھی۔ مالی سال 2025تا2026میں کناڈا کو ہندوستان کی برآمدات 4.67 ارب ڈالر تھیں، جبکہ درآمدات 3.28 ارب ڈالر تھیں۔
قابل ذکر ہے کہ کناڈا کو ہندوستان کی بڑی برآمدات میں دواسازی، لوہا اور اسٹیل، سمندری مصنوعات، سوتی ملبوسات، الیکٹرانک سامان اور کیمیکل شامل ہیں۔ وہیں کناڈا سے ہندوستان کی اہم درآمدات دالیں، موتی اور نیم قیمتی پتھر، کوئلہ، کھاد، کاغذ اور خام پٹرولیم ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی