
گوہاٹی، یکم جولائی (ہ س)۔ سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے اہلکاروں نے کل رات گوہاٹی کے لوک پریہ گوپی ناتھ بوردولوئی بین الاقوامی ہوائی اڈے (ایل جی بی آئی اے) سے دو بنگلہ دیشی شہریوں کو ممبئی جانے والی پرواز میں سوار ہونے سے پہلے گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت بنگلہ دیش کے رہائشی رانا مولا اور محفوظ اختر لیما کے نام سے ہوئی۔دونوں کو ایئرپورٹ کے نئے آپریشنل- 2پر ممبئی جانے والی اکاسا ایئر کی پرواز میں سوار ہونے سے پہلے معمول کی سیکورٹی چیکنگ کے دوران شک کی بنیاد پر روکا گیا۔
تفصیلی تفتیش کے دوران، سی آئی ایس ایف نے ان سے کئی مشکوک دستاویزات برآمد کیں، جن میں جعلی ہندوستانی آدھار کارڈ بھی شامل ہیں۔ ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد دونوں کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے ازرہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ کیس کسی بڑے گینگ سے منسلک ہو سکتا ہے جو غیر ملکی شہریوں کو جعلی ہندوستانی شناختی دستاویزات فراہم کرتا ہے۔ پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ ملزم نے جعلی دستاویزات کیسے حاصل کیں اور اس ریکیٹ میں اور کون کون ملوث ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کچھ دن پہلے سی آئی ایس ایف نے ایک اور بنگلہ دیشی شہری کو گوہاٹی ہوائی اڈے سے گرفتار کیا تھا۔ اس طرح کے واقعات کے مسلسل سامنے آنے کے بعد سیکورٹی ایجنسیاں اس پورے نیٹ ورک کی مکمل تحقیقات کر رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد