
امپھال، یکم جولائی (ہ س)۔ منی پور پولیس اور سیکورٹی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست کے مختلف اضلاع میں کی گئی کارروائیوں کے دوران ممنوعہ عسکریت پسند تنظیموں کے کئی سرگرم کارکنوں کو گرفتار کیا ہے۔اس کے ساتھ ہی بھاری مقدار میں اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور تقریباً پانچ کلو گرام افیون بھی برآمد کی گئی ہے ۔
منی پور پولیس کی طرف سے آج جاری کردہ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 30 جون کو امپھال ایسٹ ضلع کے کھابیسوئی علاقے سے کے وائی کے ایل کے سرگرم کیڈر سورایسام جوائے کمار عرف ایٹومبا (45) کوگرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق وہ اسلحہ اور گولہ بارود کی نقل و حمل میں ملوث تھا۔ اسی دن، ہیانگ لا علاقے سے آرپی ایف /پی ایل اے کے سرگرام کیڈر ایلانگ بام م راجو سنگھ (34) کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس نے آج بتایا کہ اس سے قبل 29 جون کو امپھال ایسٹ ضلع کے ساگولمانگ پولیس اسٹیشن کے تحت سنجین لوک علاقے میں تلاشی مہم کے دوران ایک اے کے رائفل، ایک 9 ایم ایم پستول، ایک دیسی ساختہ کاربائن، 19 دستی بم، دو ٹیوب لانچر، مختلف کیلیبر کے کارتوس، ڈیٹونیٹر اور کئی میگزین برآمد کیے گئے تھے۔
اس سےقبل اسی دن، امپھال ایسٹ ضلع کے برہم پور علاقے میں گرینیڈ حملے کی تحقیقات کے سلسلے میں، پولیس نے لملائی تھانہ علاقے کے ساومبنگ سے دو سرگرم پریپاک کارکنوں اور ایک نابالغ کو گرفتار کیا تھا۔ تفتیش سے پتہ چلا کہ ملزمین کو ان کے ہینڈلر نے چھ گرینیڈ دستیاب کرائے تھے، جن میں سے پانچ امپھال ایسٹ اور امپھال ویسٹ کے مختلف رہائشی علاقوں میں استعمال کیے گئے تھے۔ باقی ماندہ ایک دستی بم اور حملے میں استعمال ہونے والے دو اسکوٹر بھی برآمد کر لیے گئے۔
بشنو پور ضلع کے کمبی علاقے سے کے وائی کے ایل کے مبینہ طور پر غیر قانونی وصولی کرنے والے دو مشتبہ افراد پکھرامبام بمول میتیئی عرف انواوبی (41) اور پکھراممبام ربی سنگھ عرف کھانگ (37) کو گرفتار کیا گیا۔ ان کے قبضے سے ایک ہونڈا ایکٹیوا اسکوٹر ضبط کر لیا گیا۔
ایک اور کارروائی میں، سیکورٹی فورسز نے جیری بام ضلع کے لینگانگ پوکپی علاقے میں ایک ہنڈائی آئی 20 کار کو روکا اور دھنراج پرجاپت (46) اور بدھ رام (44) کو گرفتار کیا۔ دونوں راجستھان کے رہنے والے ہیں۔ تقریباً پانچ کلو گرام افیون، 50,000 روپے نقد اور گاڑی ضبط کر لی گئی۔ تمام معاملات میں مزید تفتیش جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد