
کاٹھمنڈو، 7 جون (ہ س)۔ نیپال اور ہندوستان کے درمیان ایک کراس بارڈر پرسن ٹو پرسن (پی2پی) ریمی ٹینس سروس شروع کی گئی ہے۔ یہ سروس صارفین کو ایک محفوظ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے نیپال اور ہندوستان کے درمیان فوری طور پر رقوم بھیجنے اور وصول کرنے کی اجازت دے گی۔
بینک کے مطابق، اس سروس کو دونوں ممالک کے صارفین کے لیے سرحد پار ادائیگیوں کو آسان، محفوظ اورقابل اعتماد بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس سروس کے تحت نیپالی بینکوں میں اکاونٹ رکھنے والے ہندوستانی شہری اب اپنی موبائل بینکنگ ایپ Nbank کا استعمال کرکے ہندوستان میں اپنے خاندان اور دوستوں کو فوری طور پر رقم بھیج سکیں گے۔
نبیل بینک کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر منوج کمار گیاوالی نے کہا، یہ سروس سرحد پار ادائیگیوں کو تیز اور آسان بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ یہ ڈیجیٹل بینکنگ خدمات کو مضبوط بنانے اور نیپال اور ہندوستان دونوں میں صارفین کو بہتر سہولت فراہم کرنے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
بینک نے کہا کہ لین دین کی حدیں ریگولیٹری دفعات کی تعمیل کرنے اور صارفین کی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے مقرر کی گئی ہیں۔ صارفین نیپال سے ہندوستان کو زیادہ سے زیادہ 15,000 ہندوستانی روپے فی دن اور زیادہ سے زیادہ 100,000 ہندوستانی روپے فی مہینہ بھیج سکتے ہیں۔ ہندوستان سے نیپال کو رقم بھیجنے کی روزانہ کی زیادہ سے زیادہ حد 200,000 ہندوستانی روپے مقرر کی گئی ہے، جب کہ کوئی ماہانہ حد لاگو نہیں ہوگی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی