
فارمولا 1 اور لاس ویگاس کے درمیان 2037 تک معاہدہ ، اگلے 10 سالوں تک اسٹرپ پر دوڑیں گی ریس کاریں
لاس ویگاس، 5 جون (ہ س)۔ فارمولہ 1 نے جمعہ کے روز باضابطہ طور پر اعلان کیا کہ باوقار لاس ویگاس گراں پری اب 2037 تک منعقد ہوتی رہے گی۔ ایک نئے 10 سالہ توسیعی معاہدے کے تحت، فارمولہ 1، لاس ویگاس گراں پری انک، کلارک کاونٹی انتظامیہ اور لاس ویگاس کنونشن اینڈ وزیٹرس اتھارٹی (ایل وی سی وی اے) نے اس عالمی انعقاد کے مستقبل کو طویل مدت تک وزیٹرس کیلئے محفوظ کردیا ہے۔
لاس ویگاس گراں پری نے 2023 میں فارمولہ 1 کیلنڈر میں شامل ہونے کے بعد سے خود کو دنیا کے سب سے مشہور موٹر اسپورٹ ایونٹس میں سے ایک کے طور پر قائم کیا ہے۔ لاس ویگاس اسٹرپ کے مرکز میں منعقد ہونے والی ریس اب صرف کھیلوں کا ایک ایونٹ نہیں ہے بلکہ کھیل، تفریح، کاروبار اور سیاحت کے لیے ایک عالمی پلیٹ فارم ہے۔ 6.2 کلومیٹرطویل لاس ویگاس اسٹرپ سرکٹ پر ڈرائیور 322 کلومیٹر فی گھنٹہ (200 میل فی گھنٹہ) سے زیادہ کی رفتار تک پہنچ جاتے ہیں، یہ ٹریک بیلاجیو، سیزر پیلس، ون لاس ویگاس اور دی وینیشین ریزورٹ جیسے مشہور تاریخی مقامات سے گزرتا ہے۔
ریس کی تاریخ میں اب تک میکس ورسٹاپن دو بار (2023 اور 2025) ریس جیت چکے ہیں، جب کہ جارج رسل نے 2024 میں خطاب جیتا تھا۔ 2024 کے ایونٹ میں مجموعی طور پر 113 اوور ٹیک ہوئے اور ورسٹاپن نے اسی سال مسلسل چوتھی بار ایف آئی اے فارمولا 1 ورلڈ چیمپئن شپ کا خطاب جیتا تھا۔ یہ تقریب اقتصادی اثرات کے لحاظ سے بھی بڑی کامیاب رہی ہے۔ صرف تین ایڈیشنوں میں، 2023 سے 2025 تک، گراں پری نے جنوبی نیوادا کی معیشت میں کل 3.2 ارب ڈالر کا تعاون دیاہے۔ تینوں ایڈیشن مکمل طور پر فروخت ہو گئے۔
صرف 2025 میں، ایونٹ نے ریاستی اور مقامی ٹیکس ریونیو میں 4.3 کروڑ ڈالر حاصل کئے، جس میں 1.5 کروڑ ڈالر مقامی 12 تعلیمی پروگراموں کے لیے مختص کیے گئے تھے۔ ساتھ ہی، لاس ویگاس گراں پری فاونڈیشن نے غیر منافع بخش تنظیموں کو 20 لاکھ ڈالرسے زیادہ تعاون دیا ہے اور مقامی طلباء کے لیے تعلیمی مواقع فراہم کیے ہیں۔
فارمولا 1 کے صدر اور سی ای اوا سٹیفانو ڈومینیکالی نے کہا کہ لاس ویگاس نے مختصر عرصے میں ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں فارمولا 1 کے ایک اہم مرکز کے طور پر خود کو قائم کیا ہے اور یہ توسیع اس طویل مدتی عزم کو مزید تقویت دے رہی ہے۔ اپنی طرف سے، لاس ویگاس گراں پری انک کی صدر اور سی ای او ایملی پرائزر نے کہا کہ 2037 تک توسیع مقامی شراکت اور کمیونٹی سپورٹ کی کامیابی کا نتیجہ ہے۔
ایل وی سی وی اے کے صدر اور سی ای اوا سٹیو ہل نے اسے لاس ویگاس اور فارمولا 1 دونوں کے لیے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا اور کہا کہ یہ تقریب اب شہر کی عالمی شناخت کا ایک اہم حصہ بن چکی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی