
گنا، 28 جون (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے گنا ضلع کے کمبھ راج تھانہ علاقے میں اتوار کی صبح ہوئے ہولناک سڑک حادثے میں ٹینٹ کے کاروبار سے جڑے دو نوجوانوں کی موت ہو گئی، جبکہ چار دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ کھٹکیا روڈ پر اس وقت ہوا جب تیز رفتار کار بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے درخت سے جا ٹکرائی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار کے پرخچے اڑ گئے۔
معلومات کے مطابق، تمام نوجوان ٹینٹ کے کاروبار سے وابستہ تھے اور کام کے سلسلے میں کمبھ راج آئے تھے۔ دیر رات پروگرام ختم ہونے کے بعد وہ کار سے اپنے گاوں لوٹ رہے تھے۔ اسی دوران کمبھ راج-کھٹکیا مارگ پر ڈرائیور گاڑی پر سے کنٹرول کھو بیٹھا اور کار سیدھے درخت سے جا ٹکرائی۔ حادثے کی آواز سن کر آس پاس کے لوگ موقع پر پہنچ گئے اور پولیس کو اطلاع دی۔ مقامی لوگوں کی مدد سے تمام زخمیوں کو فوراً اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے بیجنی پورہ کے رہائشی کپل مونگیا (20) اور بلرام مونگیا (27) کو مردہ قرار دے دیا۔ حادثے میں وشال، کنہیا لال، منگلیش اور امت اگروال زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں امت اگروال کی حالت تشویشناک ہونے پر ابتدائی طبی امداد کے بعد بہتر علاج کے لیے بھوپال ریفر کیا گیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق ٹکر اتنی زبردست تھی کہ کار کا اگلا حصہ پوری طرح تباہ ہو گیا۔ حادثے کے بعد جائے وقوع پر افرا تفری مچ گئی۔ اطلاع ملتے ہی کمبھ راج تھانہ پولیس موقع پر پہنچی اور امدادی و بچاو کام شروع کرایا۔
اتوار کی دوپہر دونوں مہلوکین کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد انہیں اہل خانہ کے سپرد کر دیا گیا۔ ایک ساتھ دو نوجوانوں کی موت سے بیجنی پورہ علاقے میں سوگ کا ماحول ہے اور گھر والوں کا رو رو کر برا حال ہے۔ پولیس نے مرگ قائم کر کے حادثے کی جانچ شروع کر دی ہے۔ ابتدائی جانچ میں تیز رفتاری اور گاڑی کے بے قابو ہونے کو حادثے کی وجہ مانا جا رہا ہے۔ تاہم پولیس تمام پہلووں کی جانچ کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن