اے ایم یو کے شعبہ سائیکیاٹری کے زیر اہتمام منشیات کے ناجائز استعمال و اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن پر بیداری پروگرام منعقد
علی گڑھ, 27 جون (ہ س)۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی) ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ سائیکیاٹری نے شعبہ فزیالوجی کے اشتراک سے منشیات کے ناجائز استعمال و اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر ایک بیداری پروگرام منعقد کیا،
منشیات


علی گڑھ, 27 جون (ہ س)۔

جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی) ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ سائیکیاٹری نے شعبہ فزیالوجی کے اشتراک سے منشیات کے ناجائز استعمال و اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر ایک بیداری پروگرام منعقد کیا، جس کا مقصد منشیات سے پاک معاشرے کے فروغ اور طلبہ و نوجوانوں میں صحت مند طرزِ زندگی کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔

پروگرام کا آغاز شعبہ فزیالوجی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر انور حسن صدیقی کے افتتاحی خطاب سے ہوا۔ اس موقع پر فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر محمد خالد اور جے این ایم سی کے پرنسپل پروفیسر انجم پرویز نے منشیات کے استعمال سے پیدا ہونے والے امراض کو صحت عامہ کے لیے ایک بڑھتے ہوئے چیلنج سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس سلسلے میں بیداری پیدا کریں اور اس کی روک تھام میں مؤثر کردار ادا کریں۔

شعبہ سائیکیاٹری کے چیئرمین پروفیسر محمد ریاض الدین نے اپنے خطاب میں تمباکو، شراب اور دیگر غیر قانونی منشیات کے مضر اثرات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ بروقت مداخلت اور ماہرین کی مناسب نگہداشت کے ذریعہ منشیات کے استعمال سے متعلق عوارض کی روک تھام اور مؤثر علاج ممکن ہے۔

اس موقع پر شعبہ کی جانب سے اسکول و کالج کے طلبہ کے لیے منشیات سے بچاؤ اور دماغی صحت کے موضوع پر ایک پوسٹر سازی مقابلہ بھی منعقد کیا گیا۔ اس میں چھٹی جماعت کی طالبہ صائمہ اقبال نے اوّل، بارہویں جماعت کے افضل اقبال نے دوم اور محمد ایان خان نے سوم انعام حاصل کیا۔

پروگرام کا اختتام شعبہ فزیالوجی کے چیئرمین پروفیسر محمد اسلم کے کلمات تشکر کے ساتھ ہوا۔

اس موقع پر شعبہ سائیکیاٹری نے جے این ایم سی اسپتال کے او پی ڈی نمبر 8 میں قائم اپنے ایڈکشن ٹریٹمنٹ فیسیلٹی (اے ٹی ایف) کی خدمات پر بھی روشنی ڈالی، جہاں شراب، تمباکو اور دیگر منشیات کی لت میں مبتلا افراد کے لیے علاج، مفت مشاورت، کاؤنسلنگ، ادویات کی فراہمی، بازآبادکاری اور دوبارہ لت میں مبتلا ہونے سے بچاؤ کی خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande