
سری بھومی (آسام)، 25 جون (ہ س): آسام کے سری بھومی ضلع میں پولیس نے 1.10 کروڑ روپے کی ممنوعہ فینسیڈیل کھانسی کا شربت ضبط کیا ہے۔ اس معاملے میں تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس نے جمعرات کو بتایا کہ ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سری بھومی پولیس کی ایک ٹیم نے ضلع کے ٹوکارپار-گری گنج علاقے میں تلاشی مہم چلائی۔ کارروائی کے دوران پولیس نے ایک گاڑی کو روک کر تلاشی لی جس سے بھاری مقدار میں ممنوعہ فینسیڈیل کھانسی کا شربت برآمد ہوا۔ پولیس کے مطابق ضبط کی گئی کھیپ کی مارکیٹ ویلیو تقریباً 1.10 کروڑ روپے ہے۔ پولیس نے موقع سے تین افراد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت انور حسین، آتش دھر اور بابلا داس کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس تینوں سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
پولیس حکام کا خیال ہے کہ یہ کھیپ کسی بڑے ا سمگلنگ نیٹ ورک کا حصہ ہو سکتی ہے۔ وہ اس بات کی بھی چھان بین کر رہے ہیں کہ آیا کوئی بین ریاستی یا بین الاقوامی گروہ اس تجارت میں ملوث ہے۔
اس مہم کے دوران پولیس نے ضلع کے مختلف علاقوں میں چل رہے کئی غیر قانونی شراب کے اڈوں کے خلاف بھی کریک ڈاون کیا۔ بھاری مقدار میں ناجائز شراب تلف کر دی گئی اور متعلقہ مواد بھی قبضے میں لے لیا گیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی