
جموں, 24 جون (ہ س)۔ سالانہ امرناتھ یاترا کے آغاز سے قبل ضلع رامبن میں جموں–سری نگر قومی شاہراہ پر سیکورٹی اور ہنگامی خدمات سے وابستہ مختلف ایجنسیوں نے مشترکہ موک ڈرلز اور تیاری کی مشقیں انجام دیں۔ ان مشقوں میں جموں و کشمیر پولیس، فوج، سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور دیگر متعلقہ اداروں نے حصہ لیا۔مشقوں کا مقصد شری امرناتھ یاترا کے دوران سیکورٹی اور انتظامی تیاریوں کا جائزہ لینا اور مختلف ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت کو پرکھنا تھا۔ اس دوران یاتری قافلوں کی حفاظت، انخلاء اور ریسکیو کارروائیوں، ٹریفک کے نظم و نسق اور سیکورٹی انتظامات کے ساتھ ساتھ مختلف ایجنسیوں کے درمیان رابطے اور باہمی ہم آہنگی کا بھی عملی جائزہ لیا گیا۔
حکام کے مطابق یہ موک ڈرلز اس بات کو یقینی بنانے کے لیے منعقد کی جا رہی ہیں کہ شری امرناتھ یاترا کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال کا بروقت اور مؤثر انداز میں سامنا کیا جا سکے اور یاتریوں کو ایک محفوظ، پرامن اور سہل ماحول فراہم کیا جائے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر