اے ایم یو کے شعبہ اقتصادیات کی جانب سے عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر مقابلوں کا اہتمام
علی گڑھ, 24 جون (ہ س)۔ عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ اقتصادیات نے یونیورسٹی کے طلبہ کے لئے آن لائن پوسٹر سازی اور نعرہ نویسی کے مقابلوں کا اہتمام کیا، جن میں یونیورسٹی کی مختلف فیکلٹیوں اور شعبہ جات ک
معاشیات


علی گڑھ, 24 جون (ہ س)۔

عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ اقتصادیات نے یونیورسٹی کے طلبہ کے لئے آن لائن پوسٹر سازی اور نعرہ نویسی کے مقابلوں کا اہتمام کیا، جن میں یونیورسٹی کی مختلف فیکلٹیوں اور شعبہ جات کے طلبہ نے حصہ لیا، جن میں جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج، اجمل خاں طبیہ کالج اور طبیعیات، قانون، کامرس، انگریزی، اقتصادیات، تعلیم، تاریخ اور بزنس ایڈمنسٹریشن جیسے شعبہ جات کے طلبہ شامل تھے۔

نعرہ نویسی کا مقابلہ ‘‘سبز معیشت: موسمیاتی تبدیلی کے حل’’ موضوع پر منعقد ہوا۔اس میں مشاہد جاوید (شعبہ قانون) نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ محمد رضا انصاری (شعبہ کامرس) اور گنجن شرما (شعبہ اقتصادیات) بالترتیب دوسرے اور تیسرے مقام پر رہے۔

پوسٹر سازی مقابلے کا عنوان تھا: ‘‘قابلِ تجدید توانائی: سرسبز مستقبل’’ ۔ اس میں کمکم لودھی (شعبہ تعلیم) نے پہلا مقام اور محمد علی (ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج) اور مسیرہ احمد (شعبہ طبیعیات) نے مشترکہ طور سے دوسرا مقام حاصل کیا۔ محمد طہٰ (بزنس ایڈمنسٹریشن) اور سمیہ ناز (اجمل خاں طبیہ کالج) نے مشترکہ طور سے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

شعبہ اقتصادیات کے چیئرپرسن پروفیسر شہروز عالم رضوی نے پروفیسر ایس ایم جاوید اختر، پروفیسر محمد آصف اور پروفیسر محمد طارق کے ہمراہ فاتحین میں اسناد تقسیم کیں۔

اس موقع پر پروفیسر شہروز عالم رضوی نے کہا کہ اس نوعیت کے مقابلے طلبہ کے لئے تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار اور ماحولیاتی چیلنجوں کے حل سے متعلق خیالات پیش کرنے کا مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے مختلف شعبہ جات کے طلبہ کی پرجوش شرکت کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ شعبہ کی جانب سے عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پرشجرکاری مہم کے تحت پودے بھی لگائے گئے تھے۔

پروگرام کے انعقاد میں شریک کنوینر ڈاکٹر شیریں رئیس نے تعاون کیا۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande