
پٹنہ، 02جون(ہ س)۔ وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری آج شیخ پورہ ضلع کے بربگہا بلاک کے تحت سامس بزرگ پنچایت میں ’سب کا سمان جیون آسان‘کے تحت عوامی مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے منعقد ’سہیوگ کیمپ‘پروگرام میں شامل ہوئے۔وزیر اعلیٰ نے شمع روشن کر کے سہیوگ کیمپ پروگرام کا افتتاح کیا۔ ڈی ایم مسٹر شیکھر آنند نے وزیر اعلیٰ کو گلدستہ اورمومینٹو پیش کرتے ہوئے ان کا استقبال کیا۔سات نشچے -3 منصوبہ کے ایک جز ’سب کا سمان زندگی آسان‘ کے عزم کوعملی جامہ پہانے اور عوامی مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے 19 مئی 2026 سے ہر ماہ کے پہلے اور تیسرے منگل کو بہار کی تمام پنچایتوں میں ’سہیوگ شیور پروگرام‘ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے سہیوگ شیور پروگرام میں درخواستوں کے حصول اور تصفیہ کے لیے محکمہ پنچایتی راج، محکمہ توانائی، محکمہ محصولات اور اصلاحات اراضی، خوراک و صارفین تحفظ محکمہ، داخلہ محکمہ، سماجی فلاح محکمہ، دیہی ترقیات محکمہ ، صحت محکمہ استفادہ کنندگان اور دیگر اسٹیک ہولڈر سے متعلق لگائے گئے اسٹال کا معائنہ کیا۔اسٹال کے معائنے کے دوران وزیر اعلیٰ نے سہیوگ کیمپ میں شریک لوگوں کے مسائل کو سنا، ان کی درخواستیں لے کر متعلقہ محکمے کے افسران کو ارسال کیا۔افسران نے وزیر اعلیٰ کو سہیوگ کیمپ کے ذریعے موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد، درخواستوں کے تصفیہ کی صورتحال، زیر التوا اور مسترد شدہ درخواستوں کی وجوہات وغیرہ سے متعلق مکمل معلومات فراہم کیں۔وزیر اعلیٰ نے پروگرام کے دوران ریموٹ کنٹرول کے ذریعے تختیوں کی نقاب کشائی کرکے شیخ پورہ ضلع میں 50 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت والی 62 اسکیموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ اس میں 51 اسکیموں کا افتتاح اور 11 اسکیموں کا سنگ بنیاد رکھنا شامل ہے۔وزیر اعلیٰ نے سہیوگ کیمپ سے متعلق درخواستوں گزاروں کی موصول درخواستوں کے تصفیہ کے کاغذات ، فائدہ کی تقسیم ،بندوبستی پرچہ ، راشن کارڈ ، اجابت خانہ کی تعمیر کے لیے منظور شدہ رقم کا علامتی چیک ، آیوشمان کارڈ وغیرہ دیا۔پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لوگوں کے مسائل اور شکایات کو ان کے گھروں میں حل کیا جاسکے،یہی سہیوگ کیمپ پروگرام کا بنیادی مقصد ہے ۔ ہم لوگوں نے اس پروگرام کے ذریعہ یہ طے کیا ہے کہ لوگوں کو مناسب انصاف کے حصول کے لیے دفاتر یاکا چکر دور دراز مقامات نہ جانا پڑے۔خود حکومت اور تمام حکام عوام کے درمیان موجودہوکر سہیوگ شیویر پروگرام کے ذریعے آپ کے مسائل حل کریں گے۔ آج، ہم یہاں بھگوان وشنو مندربھی گئے تھے۔ سابق وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار نے وشنو دھام مندر کی جدیدکاری کام شروع کرایاتھا۔ ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ وشنو دھام مندر کی خوبصورتی اور تعمیر کے لیے جو بھی فنڈ درکار ہوں گے حکومت خرچ کرے گی۔ حکومت بہار میں ثقافتی ورثے کو فروغ دینے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ عوامی مسائل کو گھر بیٹھے حل کرنے کے لیے ایک فریم ورک قائم کرکے سہیوگ شیویر پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ مجھے موصول ہونے والی رپورٹ کے مطابق کل موصول ہونے والی 91 فیصد سے زیادہ درخواستوں پر کارروائی ہو چکی ہے۔ درخواست دہندگان کو باسگت پرچہ، بیت الخلا کی تعمیر کے لیے منظور شدہ رقم کا علامتی چیک، آیوشمان کارڈ وغیرہ فراہم کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ میں بہار کے تمام 14 کروڑ لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کے مسائل کو سہیوگ شیویر پروگرام کے ذریعے حل کیا جائے گا۔ اب آپ کو دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس نظام کو جلد ہی میونسپل اداروں میں بھی شروع کیا جائے گا۔ بہار کی تمام پنچایتوں میں سہیوگ شیویر پروگرام ہر ماہ کے پہلے اور تیسرے منگل کو منعقد کیا جارہاہے۔ اس کیمپ کا مقصد لوگوں کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں بنیادی سہولتیں فراہم کر نا ہے۔ حکومت کی پالیسی واضح ہے کہ درخواست موصول ہونے کے 10 دنوں کے اندراگر کوئی کارروائی نہیں ہوتی ہے تو 11ویں دن متعلقہ آفیسر کو وزیراعلیٰ کے دفتر سے پہلا نوٹس جاری کیا جاتا ہے۔اس کے بعداگر 20 دن تک درخواست پر کوئی کارروائی نہیں ہوتی ہے تو 21 ویں دوسرا نوٹس اور 25ویں دن تیسرا نوٹس جاری کیا جاتا ہے تاکہ وقت کی مدت کے اندر درخواست کا تصفیہ کیا جاسکے ۔اگر 30دنوں کے اندر بھی درخواست پر کارروائی نہ کی گئی تو متعلقہ اہلکار خود بخود معطل ہو تے ہیں۔ یہ نظام ملک میں پہلی بار قائم بنا یاگیاہے۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی ہندوستان کی ترقی یافتہ بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔ سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا خواب بہار کو خوشحال بناناتھا۔ ہماری حکومت ان کے خوابوں کی تعبیر کے لیے کام کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہار پولیس پوری مستعدی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے،تاکہ ریاست میں ہر صورت حال میں نظم و نسق قائم رہے۔ کچھ لوگ جرائم پیشوں میں میں بھی ذات اور مذہب تلاش کررہے ہیں۔ پولیس کسی کی ذات یا مذہب کی بنیاد پر کارروائی نہیں کر رہی ہے۔ جو بھی جرم کرے گا اسے بخشا نہیں جائے گا۔ جمہوریت میں عوام مالک ہیںاور ہم سب خادم ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شیخ پورہ ضلع کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کام جاری ہے۔ یہاں پر بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی بات کہی گئی ہے۔ میں آپ سب کو یقین دہانی کراتا ہوں کہ اگلی مرتبہ جب ضلع شیخو پورضلع کا میرا دورہ ہو گا،یہاں میڈیکل کالج اور ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ ہم لوگ سب ڈویژنل اور ضلع ہسپتالوں سے مریضوں کے غیر ضروری ریفر کرنے کی روایت کو ختم کرنے کے انتظامات کر رہے ہیں۔ 15 اگست تک اس پر مکمل پابندی عائد کر دی جائے گی۔ سنگین مریضوں کو علاج کے لیے پی ایم سی ایچ یا دیگر بڑے سرکاری ہسپتالوں میں ریفر کیا جاسکتا ہے۔ لیکن عام مریضوں بے وجہ اگر کوئی ڈاکٹر سب ڈویژنل یا ڈسٹرکٹ ہسپتال سے پی ایم سی ایچ یا دیگر بڑے سرکاری ہسپتالوں میں ریفر کرتا ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ایسا انتظام یقینی بنانے کے لیے وزیر صحت جناب نشانت کمار جی کام کررہے ہیں۔ اساتذہ کے تبادلے کی سمت میں بھی کام جاری ہے جون کے مہینہ میں ہی خواتین اساتذہ کو ان کی پنچایت کے پا کی پنچایت میں اور مرد اساتذہ کو ان کے بلاک کے بغل کے بلاک کے اسکول میں تعینات کر دیا جائے گا۔ اساتذہ کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ہمارے بچے معیاری تعلیم وقت پر حاصل کریں یہ ہماری کو شش ہے ۔
مقامی عوامی نمائندوں، لیڈران اور ضلع انتظامیہ نے گلدستے، مومینٹو،شال اور پھولوں پہنا کر وزیر اعلیٰ کا استقبال کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan