
پٹنہ، 2 جون،(ہ س)۔ وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری آج مظفر پور ضلع کے موتی پور بلاک اپ گریڈ شدہ ہائر سیکنڈری اسکول، گوسائی پور میں منعقدہ سہیوگ کیمپ میں میں شامل ہوئے۔ وزیر اعلیٰ سہیوگ کیمپ میں اپنے مسائل اور شکایات کے حل کے لیے آئے عام لوگوں سے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ نے درخواستوں کا جائزہ لیا اور پڑھا، لوگوں کے مسائل سنے اور حل کے لیے ہدایات دیں۔ سہیوگ کیمپ کے معائنہ کے دوران لوگوں سے بات کی، ان کی خیریت دریافت کی، اور مقامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعلیٰ نے پروگرام کے مقام سے مظفر پور ضلع کے لیے 288.16 کروڑ کے 109 منصوبوں کا ریمورٹ کے توسط سے افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔وزیر اعلیٰ نے 6733سیلف ہیلپ گروپ کی جیویکا دیدیوں کو گزر بسر کے لیے 101 کروڑ روپے کا علامتی چیک دیا۔ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے وزیر اعلیٰ ادیمی منصوبہ، واسگیت گریہہ استھل پرچہ، آیوشمان کارڈ، سماجی تحفظ پنشن، پی ایم سوریہ گھر منصوبہ، منریگا بکری شیڈ، لیبر کارڈ، راشن کارڈ، اور پیدائش کا سرٹیفکیٹ کے مستفیدوں کو سرٹیفکیٹ دیا۔ پروگرام کے دوران وزیر اعلیٰ کو ڈی ایم سبز پودااور عوامی نمائندوں نے مومنٹو، شال اور پھولوں کا ایک بڑا ہار پہنا کر پرتپاک خیر مقدم کیا۔وزیر اعلیٰ نے شمع روشن کرکے پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ آپ کے ضلع کے موتی پور بلاک کے پرسونی پنچایت میں منعقدہ سہیوگ شیویر میں آپ کے درمیان ہونے کا موقع ملا۔ اس کیمپ میں مسائل کے حل کے لیے آئے لوگوں کی درخواستوں کو میں نے دیکھااور انہیں حل کرنے کی ہدایت کی۔سہیوگ کیمپ میں مظفر پور ضلع میں اب تک 10ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جن میں سے تقریباً 90 فیصد کا ضلع انتظامیہ نے تصفیہ کر دیا ہے۔ یہ بڑی خوشی کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سہیوگ شیویر ایک عوامی پروگرام ہے۔ ہمارا مقصد مسائل کو حل کرنا ہے۔ ہمیں تمام حلقوں سے معلومات موصول ہو رہی ہیں کہ اب تک موصول ہونے والی تمام درخواستوں پر کارروائی ہو چکی ہے، اور کچھ پر کارروائی کے لیے کام تیزی سے جاری ہے۔ ہم نے مسائل کے حل کے لیے ٹائم فریم مقرر کیا ہے۔ اگر 10 دن میں مسائل حل کرنے کے لیے کچھ نہ کیا گیا تو 11 ویں دن وزیراعلیٰ آفس سے پہلا نوٹس بھیجا جائے گا۔ 20 دن تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی تو 21 ویں دن دوسرا نوٹس بھیجا جائے گا۔ اگر 25 دنوں کے اندر کوئی کارروائی نہیں کی گئی تو 26 ویں دن تیسرا نوٹس بھیجا جائے گا۔ اگر 30 ویں دن تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی تو 31 ویں دن وزیراعلیٰ کے دفتر سے متعلقہ آفیسر کو معطلی کا نوٹس بھیجا جائے گا۔ پوری انتظامی مشینری کو اس کی اطلاع دے دی گئی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ترقی یافتہ ہندوستان کا خواب دیکھا اور سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے خوشحال بہار کا خواب دیکھا۔ اس خواب کو پورا کرنے کے لیے ہم سب مل کر کام کریں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مظفر پور میں ایئر پورٹ کی تعمیر کے تمام عمل مکمل ہو چکاہے اور جلد ہی اس کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تین چینی ملوں کوکھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چوتھی چینی مل کھلے گی تو موتی پور میں کھولی جائے گی۔ 2030 تک بہار میں 25 شوگر ملیں شروع ہوں گی۔ ریاستی حکومت نے 3لاکھ 47ہزار کروڑ روپے کا بجٹ تیار کیا ہے۔ بہار خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔ مرکزی حکومت بھی مکمل تعاون فراہم کر رہی ہے۔ خوشحال اور شاندار بہار کی تعمیر کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے۔ کابینہ نے 11 سیٹلائٹ ٹاؤن شپ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 22ہزار ایکڑ اراضی پر’تر ہت‘ کے نام سے ایک نئی سیٹلائٹ ٹاؤن شپ تعمیر کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مظفر پور شہر کو مزید منظم کرنے کی ضرورت ہے۔ ریپڈ ریل شروع کرنے کاہم لوگوں کا منصوبہ ہے۔ ریپڈ ریل جب شروع ہو جائے گا تو مظفر پور لوگ 30 سے 40 منٹ میں پہنچ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام عوامی نمائندوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ سہیوگ شیویر کا دورہ جاری رکھیں۔ عوام سے ملیں اور ان کے مسائل کو سمجھیں۔ ان کے مسائل کے حل کے حوالے سے ان سے فیڈ بیک حاصل کریں اور مجھے آگاہ کریں۔ ہر ایک کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ لوگ سہیوگ شیویر سے مستفید ہوں۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ بہار کے لوگ خوشحال ہوں، اس کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan