
مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور کرن رجیجو کی جانب سے حجاج کا استقبال حکومتِ ہند کی حج کے تئیں گہری دلچسپی کی علامت ہے: کوثر جہاں ،پہلی پرواز کے ذریعے 371 حجاج دہلی پہنچے
نئی دہلی، 2 جون ( ہ س)۔
ملک بھر سے مقدس فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے جانے والے 1,75,025 حجاج کرام نے سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ میں حج کی سعادت حاصل کرنے کے بعد 2 جون سے وطن واپسی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ اسی ضمن میں شمالی ہند کے سب سے بڑے حج امبارکیشن پوائنٹ، دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ذریعے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے انتظام میں حج پر جانے والے حجاج کرام کی واپسی کا آغاز ہو گیا ہے۔سعودی ایئرلائن کی پرواز نمبر SV-5818 کے ذریعے وطن واپس آنے والے 371 حجاج کرام کے استقبال کے لیے مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور کرن رجیجو خود اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پہنچے اور پھولوں کے ہار پہنا کر حجاج کے پہلے قافلے کا استقبال کیا۔ اس موقع پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن محترمہ کوثر جہاں، ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی، ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی اور حج کمیٹی کا عملہ بھی موجود تھا۔دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن محترمہ کوثر جہاں نے کہا کہ حجاج کے پہلے قافلے کی دہلی واپسی پر معزز وزیر موصوف کا خود ہوائی اڈے پر آکر استقبال کرنا ان کی، ان کی وزارت اور وزیر اعظم ہند جناب نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت کی حجاج کرام کے تئیں گہری دلچسپی کا مظہر ہے۔ اسی دلچسپی کے نتیجے میں اس سال ہندوستانی حجاج کے لیے نہ صرف ہندوستان میں بلکہ سعودی عرب، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور منیٰ و عرفات میں بھی بہتر سہولیات فراہم کی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ پہلے ہندوستانی حجاج کو مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ اور مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ بسوں کے ذریعے منتقل کیا جاتا تھا، جس میں پانچ گھنٹے سے زیادہ وقت لگتا تھا، لیکن اس سال حجاج کو بسوں کے بجائے بلیٹ ٹرین کے ذریعے سفر کرایا گیا۔ اسی طرح اس حج سیزن میں دنیا کے سب سے بڑے خیمہ بستی منیٰ میں پہلی مرتبہ حجاج کو صوفہ بیڈ اور ان کے استعمال کے لیے دیگر ضروری اشیائ بھی فراہم کی گئیں۔ یہ تمام سہولیات حکومت ہند اور وزارتِ اقلیتی امور کی مقدس حج کے تئیں خصوصی دلچسپی کی عکاس ہیں۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر نے بتایا کہ آج جدہ سے دہلی کے لیے حجاج کرام کو لے کر آنے والی پہلی حج پرواز سے واپس آنے والے 371حجاج میں دہلی 191، اتر پردیش160،بہار12، ہریانہ02،اتراکھنڈ 04 اور جموں کشمیر کے2حجاج کرام کی وطن واپسی ہوئی۔انہوں نے حجاج کے پہلے قافلے کی دہلی واپسی کے حوالے سے مزید تفصیلی معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ اس سال سرکاری کوٹے کے تحت پورے ہندوستان سے حج پر جانے والے 1,72,025 حجاج میں دہلی ریاست کے 3,212 حجاج شامل تھے، جبکہ دہلی امبارکیشن پوائنٹ سے جانے والے مجموعی 21,032 حجاج میں ہریانہ کے 1,626، اتر پردیش کے 10,992، بہار کے 1,374، جموں و کشمیر کے 1,053، اتراکھنڈ کے 1,348، راجستھان کے 444، جھارکھنڈ کے 230، مدھیہ پردیش کے 209، ہماچل پردیش کے 67، پنجاب کے 308، گجرات کے 7، مغربی بنگال کے 60، لداخ کے 2، آسام کے 26، چھتیس گڑھ کے 14، کرناٹک کے 7، اروناچل پردیش کے 2، چندی گڑھ کے 31، اڈیشہ کے 9، تمل ناڈو کے 3، تلنگانہ کے 2، تریپورہ کے 2 اور مہاراشٹر کے 4 حجاج شامل تھے۔ان حجاج میں خواتین کی تعداد 9,684 جبکہ مردوں کی تعداد 11,348 تھی۔ اسی طرح قلیل مدتی حج پر جانے والے حجاج کی تعداد 2,000 اور بغیر محرم حج پر جانے والی خواتین کی تعداد 43 تھی۔انہوں نے مزید بتایا کہ دہلی سے مجموعی طور پر 54 پروازوں کے ذریعے حجاج نے روانگی اختیار کی تھی اور ان کی واپسی بھی 54 پروازوں کے ذریعے ہوگی۔ دہلی آنے والے حجاج کی آخری پرواز 30 جون کو متوقع ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais