
امپھال، 17 جون (ہ س)۔ امپھال کے ریجنل انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (آر آئی ایم ایس) میں زیر علاج تین زخمی کوکی مریضوں کو سخت سیکورٹی کے درمیان بدھ کو علی الصبح چوراچاند پور میڈیکل کالج منتقل کیا گیا۔ مریضوں کو تقریباً 12بج کر15 منٹ پر اسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔
یہ اقدام ریاستی حکومت کی طرف سے مظاہرین کے نمائندوں کو یقین دہانی کے بعداٹھایاگیا کہ مریضوں کو آدھی رات کے قریب آر آئی ایم ایس سے منتقل کر دیا جائے گا۔ اسپتال کیمپس میں گزشتہ دو دنوں سے مسلسل احتجاج جاری تھا۔ مظاہرین زخمی مریضوں کی شناخت اور ان کے مبینہ رابطوں کے حوالے سے وضاحت کا مطالبہ کر رہے تھے۔
احتجاج کے دوران آر آئی ایم ایس کیمپس میں کشیدہ صورتحال پیدا ہوگئی۔ بھیڑ پر قابو پانے اور حالات کو معمول پر لانے کے لیے سیکورٹی فورسز کو کئی بار آنسو گیس کے گولے داغنے پڑے۔
اہم بات یہ ہے کہ مظاہرے اس وقت شدت اختیار کر گئے جب یہ خبر سامنے آئی کہ زخمی کوکی افراد کو 15 جون کو آر آئی ایم ایس میں داخل کرایا گیا ہے۔ مظاہرین کے مطابق وزیر اعلیٰ وائی کھیم چند سنگھ نے انہیں مریضوں کی منتقلی کی یقین دہانی کرائی تھی، لیکن یہ احتجاج 16 جون تک جاری رہا جب تک یہ عمل مکمل نہیں ہوا تھا۔
بعد ازاں مظاہرین کے نمائندوں نے رمز کے ڈائریکٹر سے ملاقات کی۔ ڈائریکٹر نے انہیں یقین دلایا کہ آدھی رات تک مریضوں کو منتقل کر دیا جائے گا۔ اس کے باوجود رات گئے تک احتجاج جاری رہا اور مریضوں کی منتقلی کے بعد ہی صورتحال پرسکون ہوئی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی