

کئی مسافر زخمی، بس کے نیچے دبے لوگوں کو نکالنے کے لیے تین تھانوں کی پولیس نے ریسکیو مہم چلائی
کٹنی، 14 جون (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے کٹنی ضلع میں اتوار کے روز کٹھلا تھانہ علاقے میں واقع انڈسٹریل ایریا برج اور لمترا پھاٹک کے پاس ایک تیز رفتار ہائیوا (ٹرک) نے مسافر بس کو زوردار ٹکر مار دی، جس سے بس بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے پلٹ گئی۔ حادثے میں تین مسافروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ ایک درجن سے زیادہ مسافر زخمی ہو گئے۔ کئی زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
معلومات کے مطابق، آرین ٹریولس کی مسافر بس نمبر (ایم پی-19 پی-0347) وجے راگھو گڑھ سے کٹنی کی طرف آ رہی تھی۔ اتوار کی شام تقریباً چار بجے بس جب وجے راگھو گڑھ موڑ برج کے پاس پہنچی، تبھی سامنے سے آ رہے ہائیوا سے اس کی زوردار ٹکر ہو گئی۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ ٹکر کے بعد بس کے پرخچے اڑ گئے اور اس میں سوار مسافر ایک دوسرے کے اوپر جا گرے۔ دو مسافر بس کے نیچے دب گئے، جبکہ ایک شخص ٹرک کے کیبن میں پھنس گیا۔ حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر چیخ و پکار مچ گئی اور زخمی مسافر مدد کے لیے پکارتے رہے۔ ابتدائی جانچ میں ٹرک کے بریک فیل ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ٹکر اتنی زبردست تھی کہ بس سڑک کنارے پلٹ گئی اور کئی مسافر اس کے نیچے اور سیٹوں کے درمیان پھنس گئے۔
حادثے کے بعد سڑک پر افراتفری کا ماحول بن گیا۔ کئی مسافروں کے سر، ہاتھ اور پیروں میں شدید چوٹیں آئیں۔ خون آلود مسافر سڑک اور بس کے اندر پڑے ہوئے مدد کے لیے پکارتے رہے۔ سڑک پر بکھرا سامان، تباہ شدہ گاڑیاں اور اپنے عزیزوں کو تلاش کرتے ہوئے اہلِ خانہ کی بے چینی حادثے کی ہولناک تصویر بیان کر رہی تھی۔ مقامی لوگوں نے وقت گنوائے بغیر راحت کا کام شروع کر دیا۔ لوگوں نے بس کے شیشے توڑ کر مسافروں کو باہر نکالنا شروع کیا اور پولیس نیز ایمبولینس کو اطلاع دی۔ حادثے میں دو مردوں اور ایک خاتون کی موت ہوئی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق خاتون بس کے نیچے دب گئی تھی۔ بعد میں کرین کی مدد سے بس کو اٹھا کر اس کی لاش باہر نکالی گئی۔ اس دلدوز منظر نے موقع پر موجود لوگوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ متوفیان کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی کٹھلا تھانہ پولیس کے ساتھ ضلع کے دیگر تھانوں کی پولیس فورس اور انتظامی حکام موقع پر پہنچ گئے۔ بس کے نیچے دبے مسافروں اور ٹرک کے کیبن میں پھنسے شخص کو نکالنے کے لیے کرین کی مدد لی گئی۔ کافی دیر تک جاری رہنے والے ریسکیو آپریشن کے بعد تمام پھنسے ہوئے لوگوں کو باہر نکالا گیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر ایمبولینس اور ڈائل-112 گاڑیوں کی مدد سے ضلع اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ اسپتال میں زخمیوں کے اہلِ خانہ کی بھیڑ جمع ہو گئی ہے۔
واقعے کی معلومات ملتے ہی کلکٹر آشیش تیواری اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ابھینو وشوکرما ضلع اسپتال پہنچے۔ انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی اور ڈاکٹروں کو بہترین علاج کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ابھینو وشوکرما نے بتایا کہ ابتدائی جانچ میں ٹرک کے بریک فیل ہونے کا خدشہ سامنے آیا ہے۔ حادثے میں تین لوگوں کی موت ہوئی ہے، جبکہ ایک درجن سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ تمام زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے اور حادثے کی وجوہات کی تفصیلی جانچ کی جا رہی ہے۔ پولیس نے حادثے کا شکار بس اور ہائیوا کو کرین کی مدد سے سڑک سے ہٹوا کر ٹریفک بحال کرایا۔ متوفین کی شناخت کا عمل پورا کیا جا رہا ہے۔ حادثے کی وجوہات کی جانچ شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس ٹرک کے تکنیکی پہلوؤں، عینی شاہدین کے بیانات اور دیگر شواہد کی بنیاد پر آگے کی کارروائی کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن