
مدھیہ پردیش کے مرینا میں ٹرین کی زد میں آنے سے چار مسافروں کی موت
مرینا، 14 جون (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے مرینا ضلع میں اتوار کی شام ہیتم پور اسٹیشن کے پاس ٹرین کی زد میں آنے سے چار مسافروں کی موت ہو گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ آگ لگنے کی افواہ کے بعد ادے پور انٹرسیٹی ایکسپریس سے نیچے اترے چار مسافر دوسری ٹرین کی زد میں آ گئے۔ مرنے والوں میں تین خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔
بتایا گیا کہ گاڑی نمبر 19665 ادے پور انٹرسیٹی ایکسپریس مرینا سے اتوار کی شام تقریباً 4 بجے دھول پور کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ ٹرین ہیتم پور اور گھیر ریلوے اسٹیشن کے درمیان پہنچی ہی تھی کہ اس میں آگ لگنے کی افواہ پھیل گئی، جس کے بعد مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی۔ گھبرائے ہوئے کچھ مسافروں نے چین پلنگ کر کے ٹرین روکی اور پٹریوں پر اتر گئے۔ اسی دوران تین خواتین اور ایک بچہ دوسری طرف سے آ رہی پاتال کوٹ ایکسپریس کی زد میں آ گئے اور موقع پر ہی ان کی موت ہو گئی۔
حادثے کے بعد لوگوں نے فوراً ریلوے حکام اور پولیس کو اطلاع دی۔ واقعے کی معلومات ملتے ہی جی آر پی، آر پی ایف اور مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ متوفین کی شناخت کرنے اور ان کے اہلِ خانہ کو اطلاع دینے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
واقعے کی وجہ سے دہلی-ممبئی ریلوے روٹ پر ریل ٹریفک متاثر ہو گیا ہے۔ ریلوے اور انتظامیہ کی ٹیم راحت اور بچاو کے کام میں مصروف ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔
ٹرین میں سفر کر رہے ایک مسافر نے بتایا کہ اچانک کسی نے چین کھینچ دی اور چلانے لگا کہ آگ لگ گئی ہے، آگ لگ گئی ہے۔ اس کے بعد لوگ فوراً ٹرین سے اترنے لگے۔ جب مسافر دوسری طرف پٹری پار کر رہے تھے، تبھی ادھر سے پاتال کوٹ ایکسپریس آ رہی تھی۔ اسی دوران کچھ لوگ اس کی زد میں آ گئے اور یہ حادثہ ہو گیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن