
ایودھیا، 14 جون (ہ س): اتر پردیش کے ضلع ایودھیا میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے میٹروپولیٹن پارٹی دفتر میں اتوار کو منعقدہ ضلعی اجلاس میں تنظیمی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے اور آئندہ انتخابی تیاریوں کے حوالے سے حکمتِ عملی پر غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میٹروپولیٹن انچارج اور علاقائی جنرل سیکریٹری وجے پرتاپ سنگھ نے کہا کہ منڈل عہدیداران تمام بوتھوں کی ووٹر لسٹ کے ہر صفحے کی میپنگ کریں گے۔ پارٹی کی نظریاتی وابستگی رکھنے والے ووٹروں کو فہرست بند کرنے کے ساتھ دیگر ووٹروں کی بھی درجہ بندی کی جائے گی اور صفحات کی گریڈنگ کی جائے گی۔ اس گریڈنگ کی رپورٹ ضلعی عہدیداران کو فراہم کی جائے گی، جس سے تنظیم کو زمینی صورتحال کا درست اندازہ حاصل ہو سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے خدمت، خوش حکمرانی اور عوامی فلاح و بہبود کے 12 سال مکمل ہونے کے موقع پر چلائی جا رہی مہم ’’12 سال اعتماد، ترقی اور عوامی فلاح‘‘ کے ذریعے کارکن عوام کے درمیان پہنچیں گے۔ اس مہم کے تحت حکومت کی کامیابیوں اور عوامی مفاد کی اسکیموں کے بارے میں عام لوگوں کو آگاہ کیا جائے گا اور ان سے براہِ راست رابطہ قائم کیا جائے گا۔
میٹروپولیٹن صدر کملیش شریواستو نے تنظیمی پروگراموں کی معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ ہر ماہ کی یکم سے سات تاریخ تک منڈل سطح اور 15 تاریخ تک ضلع سطح کے اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ہر ماہ کے تیسرے اتوار کو شکتی کیندر کی میٹنگ اور آخری اتوار کو وزیر اعظم کے ’من کی بات‘ پروگرام کے ساتھ بوتھ میٹنگ منعقد کر کے تنظیمی کاموں کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ باقاعدہ اجلاسوں کے ذریعے تنظیم کو بوتھ سطح تک مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
اجلاس میں رکن اسمبلی وید پرکاش گپتا، میئر گیریش پتی ترپاٹھی، ضلع پنچایت صدر کے نمائندے آلوک سنگھ روہت، جنرل سیکریٹری شیلندر کوری، پرمانند مشرا، شیویندر سنگھ، میونسپل کارپوریشن کے نائب چیئرمین سنتوش سنگھ، تلکرام موریہ، ششی پرتاپ سنگھ، بال کرشن ویشیہ، ہربھجن گاؤڑ، میٹروپولیٹن عہدیداران، منڈل صدور، مورچہ کے صدور اور جنرل سیکریٹری بھی موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد