
نئی دہلی، 11 جون ( ہ س )۔ آل انڈیا کونسل برائے تکنیکی تعلیم (اے آئی سی ٹی ای) نے انجینئرنگ اور تکنیکی مضامین کے اساتذہ کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ ترقی کے مقصد سے اے آئی سی ٹی ای-کیو آئی پی-پی جی (کوالٹی امپروومنٹ پروگرام-پوسٹ گریجویٹ) سرٹیفکیٹ پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ چھ ماہ پر مشتمل اس ہائبرڈ پروگرام کا مقصد اساتذہ کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سے متعلق جدید علم اور مہارتیں فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ طلبہ کو صنعت کی ضروریات کے مطابق معیاری تعلیم دے سکیں۔
اے آئی سی ٹی ای کے چیئرمین پروفیسر یوگیش سنگھ نے جمعرات کو پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام تکنیکی تعلیم کے معیار کو مضبوط بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ اور کوانٹم کمپیوٹنگ جیسی ٹیکنالوجیز صنعتوں میں تیزی سے تبدیلیاں لا رہی ہیں اور مستقبل میں مزید نئی ٹیکنالوجیز سامنے آئیں گی۔ ترقی یافتہ بھارت کے ہدف کے حصول کے لیے اعلیٰ معیار کی تکنیکی تعلیم اور تربیت یافتہ اساتذہ ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو جدید ترین معلومات اور صنعت سے وابستہ عملی تجربات فراہم کرکے طلبہ کو اختراع، معیاری تحقیق اور عالمی مواقع کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔
اے آئی سی ٹی ای کی رکن سیکریٹری پروفیسر شیاما رتھ نے کہا کہ یہ پروگرام اساتذہ کو نئی مہارتیں سیکھنے اور ملک کے ممتاز ماہرینِ تعلیم اور دیگر اداروں کے ساتھ علمی تبادلے کا موقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے طلبہ کو فائدہ پہنچے گا اور ملک کی ترقی کو بھی رفتار ملے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے اے آئی سی ٹی ای سے منظور شدہ تمام اداروں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اساتذہ کو اس پروگرام میں فعال شرکت کے لیے حوصلہ افزائی کریں۔
18 کریڈٹ پر مشتمل یہ سرٹیفکیٹ پروگرام ملک کے قومی اہمیت کے حامل اداروں، جیسے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس (آئی آئی ایس سی)، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی)، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (این آئی ٹی) اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی آئی آئی ٹی) کے ذریعے چلائے جائیں گے۔ جولائی تا دسمبر 2026 کے تعلیمی سیشن کے لیے کمپیوٹیشنل اور انتظامی شعبوں میں مجموعی طور پر 41 پروگرام پیش کیے جا رہے ہیں۔
یہ پروگرام اے آئی سی ٹی ای سے منظور شدہ ڈگری اور ڈپلومہ اداروں کے کل وقتی، باقاعدہ یا مستقل اساتذہ کے لیے ہے۔ اس کے تحت مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ، ڈیٹا سائنس، ڈیٹا اینالیٹکس، سائبر فزیکل سسٹمز، انٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی) اور ڈرون ٹیکنالوجی، انٹیلی جنٹ ٹرانسپورٹ سسٹمز، روبوٹکس، نیز تھری ڈی پرنٹنگ اور ایڈیٹو مینوفیکچرنگ جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں تربیت اور سرٹیفکیشن فراہم کی جائے گی۔
دلچسپی رکھنے والے اساتذہ اس پروگرام کے لیے 5 جولائی تک درخواست دے سکتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد