
حیدرآباد ، 7 مئی (ہ س)۔
وزیراعلی ریونت ریڈی نے ڈائرکٹرجنرل پولیس سی وی آنند کوہدایت دی کہ ان کے قافلہ کے گزرنے کے دوران عام آدمی کوٹریفک کے مسائل سے بچانے کے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کوگھنٹوں تک سڑک پرروکنے سے حکام کوگریزکرنا چاہئے۔ وزیراعلی کی آج صبح نئی دہلی روانگی کے موقع پرایرپورٹ روانگی کے دوران بڑی تعداد میں گاڑیوں کو روکنے پروزیراعلی نے برہمی کا اظہارکیا۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری قافلہ کی روانگی کے موقع پرگاڑیوں کوروکنے سے عوام کومشکلات پیش آسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی روانگی کے دوران عام آدمی کو کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے ۔ وزیراعلی کے قافلہ کی روانگی کے راستہ میں مقابل سے آنے والی گاڑیوں کوروکنے کی وزیراعلی نے مخالفت کی۔ انہوں نے ڈائرکٹرجنرل پولیس کوہدایت دی کہ ٹریفک روکتے ہوئے عوام کو مشکلات پیدا کرنے والے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ڈیوٹی کی انجام دہی میں تساہل کرنے والے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ وزیراعلی کی ہدایت کے بعد سی وی آنند نے تلنگانہ کے تمام پولیس کمشنرکے ساتھ ویڈیوکانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کوٹریفک دشواریوں کے سلسلہ میں باربارعہدیداروں کوتوجہ دلانی پڑرہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل ڈی جی پی کی نگرانی میں جلد ہی ٹریفک بیوروقائم کیاجائے گا تاکہ ٹریفک کوبہتربنانے کے اقدامات کئے جاسکے۔ ۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق