
نئی دہلی، 31مئی(ہ س)۔عیدالاضحیٰ کے موقع پر دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف حصوں میں مسلم برادری نے مذہبی روایات پر عمل کرتے ہوئے صفائی، سماجی ذمہ داری اورباہمی بھائی چارے کی شاندار مثال پیش کی۔ عید کے دوران لوگوں نے نہ صرف سنتِ ابراہیمی ادا کی بلکہ اپنے اطراف کے ماحول کو صاف ستھرا اور منظم رکھنے پر بھی خصوصی توجہ دی۔
اس سلسلے میں بی جے پی کے سینئر رہنما حاجی محمد عا قل قریشی نے کہا کہ اس سال مختلف علاقوں میں مسلمانوں نے قربانی کے بعد صفائی کے بہترین انتظامات کیے،لہذاجانوروں کی آلائشوں کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگایا گیا اور عوامی مقامات کوصاف رکھنے کی بھرپورکوشش کی گئی،تاہم کئی مقامات پر نوجوانوں اوررضاکاروں نے صفائی مہم چلا کر معاشرے کے تئیں اپنی ذمہ داری کا عملی ثبوت پیش کیا۔دہلی کی متعدد سماجی تنظیموں سے وابستہ حاجی عاقل قریشی کا کہنا ہے کہ اسلام صفائی، نظم و ضبط اورخدمتِ خلق کا درس دیتاہے،البت عیدالاضحیٰ کے دوران ان تعلیمات پر عمل کرکے مسلم معاشرے نے یہ ثابت کیاہے کہ مذہبی تہوار صرف رسومات تک محدود نہیں ہوتے بلکہ وہ سماجی شعور،اجتماعی ذمہ داری اورمثبت اقدار کے فروغ کابھی ذریعہ بنتے ہیں۔حاجی عاقل نے اس بات پر خوشی کااظہارکیاکہ عید کے دوران بیشتر علاقوں میں امن و امان اور نظم و ضبط برقرار رہا۔انہوں نے بتایا کہ کئی غیرمسلم شہریوں نے بھی مسلم برادری کے ذمہ دارانہ رویے اور صفائی کے انتظامات کو سراہا۔ انکا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات نہ صرف معاشرے میں مثبت پیغام دیتے ہیں بلکہ باہمی اعتماد، بھائی چارے اورسماجی ہم آہنگی کو بھی مضبوط بناتے ہیں۔ عاقل قریشی کا ماننا ہے کہ اگر تمام برادریاں اپنے مذہبی اورسماجی پروگراموں کے دوران صفائی، نظم و ضبط اورشہری ذمہ داریوں کا اسی طرح خیال رکھیں تو ملک میں سماجی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کومزید فروغ ملے گا۔ عیدالاضحیٰ کے موقع پردیاگیایہ پیغام آنے والی نسلوں کیلئے بھی ایک بہترین مثال اور ذریعہ ترغیب ثابت ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais