
جموں, 03 مئی (ہ س)۔
ضلع ڈوڈہ سے رکن اسمبلی اور عام آدمی پارٹی کے ریاستی صدر معراج ملک جیل سے رہائی کے بعد پہلی بار ڈوڈہ پہنچے، جہاں ہزاروں کی تعداد میں مداحوں نے اُن کا شاندار اور والہانہ استقبال کیا۔ شہر کی سڑکیں، چوک چوراہے اور گلی کوچے نعروں سے گونج اٹھے جبکہ لوگوں نے اُن پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور مالائیں پہنائیں۔معراج ملک بٹوت کشتواڑ قومی شاہراہ کے راستے ڈوڈہ پہنچے۔ اس دوران بٹوت، بگر اور عسر کھلینی میں بھی عوام نے اُن کا پرتپاک استقبال کیا۔ اگرچہ قصبہ میں ہجوم کو قابو میں رکھنے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے حکم امتناعی نافذ کیا گیا تھا، تاہم اس کے باوجود ہزاروں افراد تمام رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے اسپورٹس اسٹیڈیم پہنچے اور اپنے محبوب لیڈر کا بے چینی سے انتظار کرتے رہے۔اس موقع پر معراج ملک نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں نمایاں بہتری لائیں گے، جیسا کہ انہوں نے انتخابات کے دوران وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے اپنی گرفتاری کو سچائی کی آواز دبانے کی کوشش قرار دیا، تاہم کہا کہ عدالت سے بریت نے نہ صرف سچ کو فتح دلائی بلکہ عوام کے جذبات کی بھی ترجمانی کی۔انہوں نے کہا کہ وہ ایک عوامی لیڈر ہیں اور حق، سچ اور انصاف کی بات جاری رکھیں گے۔ ساتھ ہی انتظامیہ کو خبردار کیا کہ وہ عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی سے کام کرے۔بعد ازاں معراج ملک نے قصبہ ڈوڈہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے عام لوگوں کے علاوہ مختلف تجارتی مراکز کا بھی جائزہ لیا اور تاجروں سے ملاقات کر کے اُن کے مسائل سنے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر