
نئی دہلی، 28 مئی (ہ س)۔ بھارت اور جنوبی کوریا نے بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے کو کم کرنے اور زیادہ متوازن اقتصادی شراکت داری کو یقینی بنانے کے لیے اپنے جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے (سی ای پی اے) کو اپ گریڈ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزارتِ تجارت و صنعت کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان میں کہا گیا کہ 25 سے 27 مئی تک نئی دہلی میں مذاکرات کے 12ویں دور کے دوران بھارت اور کوریا نے سی ای پی اے اپ گریڈیشن مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس دوران دونوں ممالک نے متوازن اور مستقبل پر مبنی تجارتی شراکت داری کے لیے اپنی وابستگی کی توثیق کی۔
ان مذاکرات کی مشترکہ صدارت حکومتِ ہند کی وزارتِ تجارت و صنعت کے محکمۂ تجارت کی جوائنٹ سکریٹری کپل چودھری اور جمہوریہ کوریا کی وزارتِ تجارت، صنعت و توانائی میں تجارتی معاہدہ پالیسی کے ڈائریکٹر جنرل پارک گیون اوہ نے کی۔
بھارت اور کوریا نے ڈیجیٹل تجارت، سپلائی چینز اور اسٹریٹجک صنعتی تعاون کے شعبوں میں سی ای پی اے مذاکرات کو وسعت دینے کے لیے ذیلی گروپ تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا۔ دونوں ممالک نے بھارت-کوریا جامع اقتصادی شراکت داری معاہدہ (آئی کے سی ای پی اے) کی اپ گریڈیشن کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، کیونکہ دونوں فریق اس تجارتی معاہدے کو جدید بنانے اور کوریا کے ساتھ بھارت کے بڑھتے تجارتی خسارے سمیت دیگر خدشات کو دور کرنے کی کوششوں کو تیز کر رہے ہیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ 20 اپریل 2026 کو دستخط شدہ مشترکہ اعلامیے کے مطابق مرکزی وزیرِ تجارت و صنعت پیوش گوئل اور کوریا کے وزیرِ تجارت (وزارتِ تجارت، صنعت و وسائل) یو ہان-کو نے جمہوریہ کوریا کے صدر کے دورۂ بھارت کے موقع پر بھارت-کوریا سی ای پی اے اپ گریڈیشن مذاکرات کو تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد