موتھا باڑی ججوں کے گھیراو کے معاملے میں این آئی اے کی بڑی کارروائی، 14 مزید گرفتار
کولکاتا، 26 مئی (ہ س)۔ مغربی بنگال میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے موتھا باڑی ججوں کے گھیراوکے معاملے میں اپنی جانچ تیز کر دی ہے۔ پیر کی دیررات مرکزی تفتیشی ایجنسی نے مالدہ ضلع کے کالیاچک اور موتھا باڑی کے مختل
جج


کولکاتا، 26 مئی (ہ س)۔ مغربی بنگال میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے موتھا باڑی ججوں کے گھیراوکے معاملے میں اپنی جانچ تیز کر دی ہے۔ پیر کی دیررات مرکزی تفتیشی ایجنسی نے مالدہ ضلع کے کالیاچک اور موتھا باڑی کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے، جس کے نتیجے میں 14 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے ساتھ اس معاملے میں اب تک کل 68 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

این آئی اے آج ان افراد کو عدالت میں پیش کرے گا اور ان کی تحویل کی درخواست کرے گا۔ تفتیشی ایجنسی کا خیال ہے کہ ان سے پوچھ گچھ سے اس معاملہ سے جڑے دیگر افراد کی شناخت میں مدد ملے گی۔ ریاست میں جاری ایس آئی آر کے عمل کے دوران درحقیقت کالیاچک کے موتھا باڑی علاقے میں صورتحال اچانک کشیدہ ہوگئی تھی۔ یہ الزام عائد کیا گیا کہ تمام درست دستاویزات رکھنے کے باوجود لوگوں کے نام فہرست سے نکالے جا رہے ہیں۔ اسی معاملے کو لے کر بی ڈی او آفس پہنچنے والے ججوں کو کئی گھنٹوں تک گھیرے میں رکھا گیا۔ ہجوم نے ججوں کے خلاف احتجاج کیا۔

اس دوران حالات اس حد تک بگڑ گئے کہ دیر رات سات ججوں بشمول ایک خاتون جج کو مرکزی فورسز کی حفاظت میں کسی نہ کسی طرح احاطے سے نکالا گیا۔ سپریم کورٹ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے معاملہ کی جانچ این آئی اے کو سونپ دی گئی۔ ایجنسی فی الحال اس معاملے کے سلسلے میں درج کی گئی تین ایف آئی آر کی بنیاد پر اپنی تحقیقات کر رہی ہے۔

اس واقعہ کے بعد پولس نے موتھا باڑی اسمبلی حلقہ سے آئی ایس ایف کے امیدوار مولانا شاہجہان علی قادری کو گرفتار کرلیا۔ اس کے بعد، سی آئی ڈی نے باگڈوگرا ہوائی اڈے پر مفکر الاسلام کو گرفتار کیا جو اس معاملہ کے مبینہ مرکزی سازش کار اور ایک ایم آئی ایم لیڈر ہے۔ اس کے بعد یکے بعد دیگرے 49 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

این آئی اے نے سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق تحقیقات کو اپنے ہاتھ میں لیتے ہوئے موتھا باڑی سے ایک آئی ایس ایف لیڈر غلام ربانی کو بھی گرفتار کیا۔ تفتیش کے دوران مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مکمل جانچ سے کئی دیگر مشتبہ افراد کے نام سامنے آئے۔

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande