
وزیراعظم مودی پر مرکوز شیوراج سنگھ چوہان کی کتاب ’اپناپن‘ کا اجراء آج پُوسا میں
نئی دہلی، 26 مئی (ہ س)۔ وزیراعظم نریندر مودی پر مرکوز کتاب ’اپناپن‘ کا اجراء آج نئی دہلی کے انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ ’پوسا‘ کے بھارت رتن سی سبرامنیم آڈیٹوریم میں ہوگا۔ یہ آڈیٹوریم پوسا کے نیشنل اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز کمپلیکس میں واقع ہے۔ ’اپناپن‘ مرکزی وزیرِ زراعت و کسان بہبود اور دیہی ترقیات شیوراج سنگھ چوہان کی دلی اور متاثر کن تخلیق ہے۔ یہ معلومات سرکاری ریلیز میں دی گئی ہے۔
تقریب اجرا کی رونق سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوگوڑا اور سابق نائب صدرِ جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو بڑھائیں گے۔ اس پروگرام میں کئی مرکزی وزراء، گورنرز، کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ، سماجی کارکن اور مصنفین و صحافی موجود رہیں گے۔ ’اپناپن‘ میں چوہان نے وزیراعظم مودی کے ساتھ مختلف کرداروں میں دیکھے، سیکھے اور اپنائے گئے تجربات کی زندہ تصویر کشی کی ہے۔ شیوراج سنگھ چوہان کا کہنا ہے کہ یہ محض واقعات کی تفصیل نہیں، بلکہ ایک نظریاتی سفر ہے۔ اس سفر میں تنظیم، لگن اور پیغام کے ذریعے قیادت، خدمت اور قوم کی تعمیر کے اصول ابھر کر سامنے آتے ہیں۔ چوہان مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ رہ چکے ہیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ آج ہی کے دن 2014 کو نریندر مودی نے وزیراعظم کے طور پر عہدہ سنبھالا تھا۔ چوہان نے ایکس ہینڈل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، ’’آج، اس شاندار سفر کے 12 فخر سے بھرپور سال مکمل ہو رہے ہیں۔ اس دوران پورا ملک جوش و خروش اور قومی وقار کے جذبے سے سرشار ہے۔ 12 سال کا یہ دورِ اقتدار ہندوستان کی نئی تعمیر، عوامی امنگوں کی تکمیل اور ’وکست بھارت‘ کے عروج کا سنہری دور ہے۔ یہ 12 سال آخری صف میں بیٹھے شخص کی بااختیاری اور ’انتودیا کے عزم‘ کی تکمیل کے گواہ رہے ہیں۔ مودی حکومت نے ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ کے منتر پر چلتے ہوئے گاوں، غریب، کسان، خاتون اور نوجوانوں کی زندگی کو بدلا۔‘‘
انہوں نے لکھا، ’’آئیے، ہم سب مل کر اس قابلِ فخر ترقیاتی سفر کے شراکت دار بنیں اور ایک مضبوط، خوشحال، ترقی یافتہ اور شاندار ہندوستان کی تعمیر میں اپنا تعاون دیں۔ خدمت، گڈ گورننس، نئی بیداری اور غریبوں کی فلاح و بہبود کے اس تاریخی اور منفرد سفر کے 12 سال مکمل ہونے پر محترم وزیراعظم کا دل کی گہرائیوں سے خیرمقدم۔‘‘
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن