
علی گڑھ، 25 مئی (ہ س)۔
جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ فارماکولوجی کے چیئرمین پروفیسر سید ضیاء الرحمٰن کو بنگلورو میں منعقدہ میڈیکل فارماکولوجسٹس سوسائٹی آف انڈیا کی سالانہ کانفرنس (ایم پی ایس کون 2026) کے دوران ”موسٹ پرومسنگ سینئر فارماکولوجسٹ ایوارڈ“ سے نوازا گیا۔ یہ کانفرنس دیانند ساگر یونیورسٹی کے چندرمّا دیانند ساگر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ (سی ڈی ایس آئی ایم ای آر) میں منعقد ہوئی۔
یہ اعزاز انہیں تعلیمی میدان میں نمایاں خدمات، فارماکولوجی تحقیق میں بہترین کارکردگی، اور فارماکوویجیلنس پروگرام آف انڈیا (پی وی پی آئی) اور میٹیریووِجیلنس پروگرام آف انڈیا (ایم وی پی آئی) کو فروغ دینے کے سلسلے میں ان کی مسلسل کوششوں کے اعتراف میں پیش کیا گیا۔
کانفرنس کے دوران پروفیسر رحمٰن نے ”پریڈکٹیو ڈرگ ڈلیوری سسٹمز“ پر ایک سائنسی اجلاس کی صدارت بھی کی، نیز ”سسٹمز فارماکولوجی اینڈ نیٹ ورک میڈیسن“ کے موضوع پر خطبہ پیش کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے امراض کے میکانزم، ادویات کے اثرات اور شخصی علاج (پرسنلائزڈ تھیراپیوٹکس) کو سمجھنے میں مربوط اور کمپیوٹیشنل طریق ہائے کار کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ