
نئی دہلی، 25 مئی (ہ س)۔ دہلی کی راؤس ایونیو کورٹ نے نیٹ لیک معاملے میں گرفتار منیشا سنجے حوالدار کو چھ دن کے لئے سی بی آئی کی حراست میں بھیج دیا ہے۔ سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے 24 مئی کو پونے سے فزکس کی ٹیچر منیشا کو گرفتار کیا تھا۔
سی بی آئی کے مطابق، منیشا سنجے حولدار نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کے پینل میںایک فزکس مترجم ہے۔ وہ فزکس کا پیپر تیار کرنے اور لیک ہوئے پیپر کی تشہیر میں ملوث تھی۔ اس کو پیش کرنے کے بعد، سی بی آئی نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس میں شریک ملزمان کے ساتھ آمنے سامنے کی پوچھ گچھ کے لئے چھ دن کی پولیس حراست کی ضرورت ہے۔ منیشا سنجے حوالدار اس معاملے میں دسویں ملزم ہیں۔
اس سے پہلے 17 مئی کو عدالت نے ایک اور ملزم منیشا مندھارے کو 14 دن کے لیے سی بی آئی حراست میں بھیجنے کا حکم دیا تھا۔ منیشا مندھارے این ٹی اے کی جانب سے سوالیہ پرچہ ترتیب دینے والے پینل میں شامل تھی۔ اسے متھرا کے ایک ہوٹل سے گرفتار کیا گیاتھا۔ منیشا مندھارے پر الزام ہے کہ اس نے کیمسٹری کے اساتذہ پی وی راؤ اور منیشا واگھمارے کے ساتھ مل کرنیٹ امتحان کا سوالیہ پرچہ لیک کرنے کی سازش کی تھی۔ پی وی راؤ اور منیشا واگھمارے کو 16 مئی کو عدالت نے 10 دن کے لیے سی بی آئی کی حراست میں بھیج دیا تھا۔
اس سے پہلے 15 مئی کو عدالت نے دھننجے لوکھنڈے کو سی بی آئی کی تحویل میں بھیج دیا تھا۔ الزام ہے کہ منیشا واگھمارے نے دھننجے لوکھنڈے کو نیٹ کا سوالیہ پرچہ دیا تھا۔ بعد میں دھننجے نے سوالیہ پرچہ شبھم کھیروار کو دیا۔ 14 مئی کو عدالت نے پانچ ملزمین – ناسک کے شبھم کھیروار، منگل لال بیول، وکاس بیول اور دنیش بیول جے پور سے اور یش یادو کو گروگرام سے سی بی آئی کی تحویل میں بھیج دیا تھا۔ شبھم کھیروار کو 13 مئی کو ممبئی سے گرفتار کیا گیا تھا، جہاں سے اسے دو دن کے ٹرانزٹ ریمانڈ پر دہلی لایا گیا تھا۔ شبھمکھیروار مہاراشٹر کے ناسک کا رہنے والا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد