اے ایم یو کے سائیکیاٹری شعبہ میں عالمی شیزوفرینیا بیداری ہفتہ کا اہتمام
علی گڑھ، 25 مئی (ہ س)۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سائیکیاٹری شعبہ کی جانب سے 24 تا 31 مئی عالمی شیزوفرینیا بیداری ہفتہ منایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف بیداری پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد ذہنی امراض سے متع
اے ایم یو کے سائیکیاٹری شعبہ میں عالمی شیزوفرینیا بیداری ہفتہ کا اہتمام


علی گڑھ، 25 مئی (ہ س)۔

جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سائیکیاٹری شعبہ کی جانب سے 24 تا 31 مئی عالمی شیزوفرینیا بیداری ہفتہ منایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف بیداری پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد ذہنی امراض سے متعلق شرمندگی کے احساس کو کم کرنا، بروقت علاج کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور صحت یابی کے لیے معاونت کو فروغ دینا ہے۔

شعبہ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد ریاض الدین نے کہا کہ یہ بیداری ہفتہ پوری دنیا میں دماغی امراض سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرنے اور متاثرہ افراد کے تئیں مثبت و شمولیتی روّیوں کو فروغ دینے کے لیے منایا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مہم کا مقصد یہ شعور عام کرنا ہے کہ شیزوفرینیا ایک قابلِ علاج ذہنی مرض ہے، اور بروقت طبی نگہداشت، کنبہ کے تعاون اور سماجی شمولیت کے ذریعے مریضوں کی صحت یابی کے امکانات میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

شعبے سے وابستہ اساتذہ اور دماغی صحت کے ماہرین نے ابتدائی مرحلے میں علاج اور رہنمائی حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاج میں تاخیر اکثر مرض کو مزید پیچیدہ بنا دیتی ہے اور مریضوں و تیمارداروں کی زندگی کو متاثر کرتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بحالی اور طویل مدتی صحت یابی کے لیے سماجی بیداری اور کنبہ کی شمولیت نہایت ضروری ہے۔ اس مہم کے تحت ٹیلی-مانس نیشنل ٹیلی مینٹل ہیلتھ پروگرام کی بھی تشہیر کی جارہی ہے، جو پورے ہندوستان میں ٹول فری نمبر 14416 کے ذریعہ چوبیس گھنٹے مفت میں فراہم کی جانے والی صحت ہیلپ لائن سروس ہے۔ میڈیکل کالج کے شعبہ سائیکیاٹری کی جانب سے او پی ڈی نمبر 8 میں پیر سے جمعہ تک صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بجے تک مشاورتی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande