
بھوپال، 23 مئی (ہ س)۔
مدھیہ پردیش اردو اکادمی، محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام ضلع ادب گوشہ، ساگر کے ذریعے ’’سلسلہ اور تلاش جوہر‘‘ کے تحت شعری و ادبی نشست کا انعقاد 24 مئی 2026 کو شام 6.00 بجے سے ہوٹل یشودا پیلیس، ساگر میں ضلع کوآرڈینیٹر آدرش دوبے کے تعاون سے کیا جائے گا۔
اردو اکادمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی نے پروگرام کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی مدھیہ پردیش اردو اکادمی کے ذریعے اپنے ضلع کوآرڈینیٹرس کے تعاون سے ’’سلسلہ اور تلاش جوہر‘‘ کے تحت ریاست کے سبھی اضلاع میں شعری و ادبی نشستیں منعقد کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے کا اگلا پروگرام 24 مئی کو ساگر میں منعقد ہو رہا ہے جس میں ساگر کے ایسے سینئر شعرا و ادبا اپنی تخلیقات پیش کریں گے جنہیں اکادمی کے اسٹیج پر پیش کش کا موقع کم ملا ہے۔
ساگر ضلع کے کوآرڈینیٹر آدرش دوبے نے بتایا کہ منعقدہ پروگرام دو اجلاس پر مبنی ہوگا۔ پہلے اجلاس میں شام 6.00 بجے تلاش جوہر کا انعقاد ہوگا جس میں ضلع کے نئے تخلیق کار فی البدیہہ مقابلے میں حصہ لیں گے۔ دوسرے اجلاس میں سلسلہ کے تحت شام 7.00 بجے شعری و ادبی نشست کا انعقاد کیا جائے گا،۔ اس پروگرام میں جو شعرا اور ادبا اپنی تخلیقات پیش کریں گے ان میں خصوصی شعراء کے طور پر ساگر کے سینئر شعراء ڈاکٹر گجادھر ساگر اور سراج ساگری کا نام شامل ہے، وہیں مقرر کے طور پر رام نریش راجپوت موجود رہیں گے۔ اور مقامی شعراء و ادبا میں ارون دوبے، انل جین، ایم۔ شریف، ابرار احمد، مکیش سونی، کپل چوبے، نعیم ماہر، کرانتی جبلپوری، پربھات کٹارے، اصغر پیام، عابد راحت گڑی اور امین علی وغیرہ کے نام شامل ہیں۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض آدرش دوبے انجام دیں گی۔
ڈاکٹر نصرت مہدی نے ساگر کے تمام محبان ادب سے پروگرام میں شرکت کی درخواست کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن