
مدھیہ پردیش کے دیواس پٹاخہ فیکٹری حادثے میں زخمی مزید دو مزدوروں نے دم توڑا، مرنے والوں کی تعداد 8 ہوئی
بھوپال/دیواس، 23 مئی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے دیواس ضلع کے ٹونک کلاں میں ہوئے پٹاخہ فیکٹری حادثے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 8 ہو گئی ہے۔ اندور کے مہاراجہ یشونت راو اسپتال میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے مزید دو شدید طور پر جھلسے ہوئے مزدوروں نے جمعہ کی رات دم توڑ دیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق، جمعہ کی رات جان گنوانے والے مزدوروں کی شناخت اجے اور نرنجن کے طور پر ہوئی ہے، جو بنیادی طور پر بہار کے رہنے والے تھے۔ دھماکے کے بعد سے ہی دونوں کو اندور کے ایم وائی اسپتال کے برن یونٹ میں وینٹی لیٹر اور کریٹیکل کیئر سپورٹ پر رکھا گیا تھا، جہاں ان کی حالت بیحد نازک بنی ہوئی تھی۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ برن یونٹ میں انفیکشن کے خطرے کو دیکھتے ہوئے پانچ نرسنگ ملازمین کی شفٹ وائز 24 گھنٹے اسپیشل ڈیوٹی لگائی گئی تھی، لیکن تمام تر کوششوں کے باوجود دونوں کو نہیں بچایا جا سکا۔ اس سے پہلے گزشتہ پیر کی رات کو بھی ایم وائی ایچ میں بھرتی ایک اور 20 سالہ مزدور رام ولد مکیش کمار کی موت ہو گئی تھی۔
اس حادثے کے دوران شدید طور پر زخمی ہوئے وشال (25 سال) کو لے کر راحت بھری خبر آئی ہے۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ وشال ہوا میں اچھل کر کافی دور جا گرا تھا، جس سے اس کے سر میں شدید چوٹ آئی تھی اور خون کا تھکا (بلڈ کلاٹ) جم گیا تھا۔ نیورو سرجری وارڈ میں مسلسل نگرانی میں رہنے کے بعد اب وشال کی حالت میں کافی سدھار ہے اور اسے آج دوپہر 1 بجے کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی جائے گی۔ اندور کے ہی چوئی تھرام ہاسپٹل میں بھرتی چار زخمیوں میں سے تین مریضوں کو پیر کے روز ڈسچارج کیا جا چکا ہے۔ وہاں اب صرف ایک مریض کا علاج چل رہا ہے، جس کی صورتحال بہتر ہے اور اسے آنے والے بدھ کے روز چھٹی دے دی جائے گی۔
قابلِ ذکر ہے کہ 14 مئی کو دیواس کے ٹونک کلاں میں واقع پٹاخہ فیکٹری میں ہوئے زوردار دھماکے میں 20 سے زائد مزدور شدید طور پر زخمی ہوئے تھے، جو اترپردیش اور بہار کے رہنے والے تھے۔ حادثے کے فوراً بعد موقع پر ہی تین مزدوروں دھیرج، سنی اور سمت کی موت کی تصدیق ہوئی تھی۔ اس کے بعد املتاس اسپتال میں علاج کے دوران مزید دو مزدوروں امر اور گڈو نے دم توڑا۔ اب رام، اجے اور نرنجن کی موت کے بعد یہ تعداد بڑھ کر 8 ہو گئی ہے۔ اس معاملے میں پولیس انتظامیہ پہلے ہی اہم سرمایہ کار مکیش وج سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کر چکی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن