
نئی دہلی، 23 مئی (ہ س)۔ امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ہفتہ کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور انہیں صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے مستقبل قریب میں وائٹ ہاؤس کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔
ملاقات کے دوران، دونوں رہنماؤں نے ہندوستان-امریکہ جامع عالمی اسٹریٹجک شراکت داری کی پیشرفت اور علاقائی اور عالمی موضوعات و مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ روبیو نے وزیر اعظم کو دفاع، اسٹریٹجک ٹیکنالوجی، تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی کی سلامتی، کنیکٹیویٹی، تعلیم اور عوام سے عوام کے روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ روبیو نے مغربی ایشیا کی صورتحال سمیت مختلف علاقائی اور عالمی مسائل پر امریکی نقطہ نظر کو بھی شیئر کیا۔
مودی نے امن کی کوششوں کے لیے ہندوستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام تنازعات کو بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے روبیو سے صدر ٹرمپ تک اپنی نیک خواہشات پہنچانے کی گذارش کی اور کہا کہ وہ ان کے ساتھ آگے بھی بات چیت جاری رکھنے کے منتظر ہیں۔
ملاقات کے بعد، وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ امریکی وزیر خارجہ روبیو کا خیرمقدم کرتے ہوئے خوشی ہوئی۔ ہندوستان-امریکہ جامع عالمی اسٹریٹجک شراکت داری کی مسلسل پیشرفت اور علاقائی اور عالمی امن و سلامتی سے متعلق مسائل پر نتیجہ خیز بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ عالمی بھلائی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔“
دریں اثنا، ہندوستان میں امریکی سفیر سرجیو گور نے ایکس پر کہا کہ وزیر اعظم مودی کے ساتھ میٹنگ میں مارکو روبیو کے ساتھ شامل ہوکر بہت اچھا لگا۔ ہم نے سیکورٹی، تجارت اور اہم ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر نتیجہ خیز بات چیت کی۔ یہ وہ شعبے ہیں جو دونوں ممالک کو مضبوط کرتے ہیں اور ایک آزاد اور کھلے ہند-بحرالکاہل خطے کو آگے بڑھاتے ہیں۔ ہندوستان ،امریکہ کے لیے ایک اہم شراکت دار ہے۔
ایک اور پوسٹ میں سرجیو گور نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے سکریٹری آف اسٹیٹ روبیو نے وزیر اعظم مودی کو مستقبل قریب میں وائٹ ہاو¿س آنے کی دعوت دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد