
نئی دہلی، 23 مئی (ہ س)۔ بار کونسل آف انڈیا (بی سی آئی) نے ٹویشا شرما موت معاملے میں ملزم شوہر سمرتھ سنگھ کے وکالت کے لائسنس کو فوری اثر سے معطل کر دیا ہے۔ ہفتہ کو یہاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بی سی آئی کے صدر اور راجیہ سبھا کے رکن منن کمار مشرا نے کہا کہ یہ معاملہ انتہائی سنگین ہے۔ ابتدائی تفتیش اور استغاثہ اور ٹویشا شرما کے اہل خانہ کی جانب سے عائد کئے گئے الزامات کی بنیاد پر ایسا لگتا ہے کہ سمرتھ سنگھ نے اپنی بیوی کا قتل کیا ہے۔
سمرتھ سنگھ تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہے ہیں اور مفرور رہتے ہوئے ثبوتوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ مشرا نے کہا کہ اس طرح کے سنگین الزامات کے باوجود، اس طرح کا طرز عمل کسی بھی معزز شہری، خاص طور پر ایک وکیل کے لیے مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔ لہٰذا، بار کونسل آف انڈیا(بی سی آئی) نے طے کیا ہے کہ ایسے شخص کو وکالت کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ سمرتھ سنگھ کو نوٹس جاری کیا گیا ہے اور ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ کیس کی سماعت تادیبی کمیٹی کرے گی۔ تحقیقاتی رپورٹ اور عدالت کے فیصلے کی بنیاد پر مزید کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا تاہم فی الحال انہیں وکالت کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
مشرا نے کہا کہ سمرتھ سنگھ کی والدہ پر بھی سنگین الزامات ہیں۔ وہ سابق ضلع جج رہ چکی ہیں۔ سی بی آئی اس بات کی بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا انہوں نے ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ اپنا وکالت کا لائسنس کو فعال کروایا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد