
حیدرآباد ، 2 مئی (ہ س) ۔ ریاستی وزیرآبپاشی و سیول سپلائیزاتم کمارریڈی نے مرکزی حکومت کی جانب سے کمرشیل گیس کی قیمتوں میں تقریباً ایک ہزارروپئے تک اضافہ کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس فیصلہ سے فوری دستبردارہوجانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اتم کمارریڈی نے آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کا یہ فیصلہ عام آدمی کے جیب پرڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے ۔ اس فیصلہ سے عوام پرمعاشی بوجھ عائد ہوگا۔ اتم کمارریڈی نے کہا کہ 19 کیلوگرام کے کمرشیل گیس سلینڈرکی قیمت میں 993 روپئے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اب فی سلینڈرکی قیمت 3000 روپئے سے تجاوزکرگئی ہے۔ کمرشیل گیس سلینڈرکی قیمت میں اچانک 30 سے 35 فیصد اضافہ سے چھوٹے ہوٹل ، کیفے ، ریستوران اور خاص طور پر سڑک کنارہ ٹھیلہ لگانے والے چھوٹے تاجروں کا کاروبار تباہ و برباد ہوجائے گا۔
ریاستی وزیر نے مرکزی حکومت کی نیت پرسوال اٹھاتے ہوئے الزام لگایا کہ یہ فیصلہ سیاسی مفاد کے تحت کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے پانچ ریاستوں میں انتخابات ختم ہونے کے محض 24 گھنٹے بعد قیمتوں میں اضافہ کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ مرکز نے عوام کو دھوکہ دینے کیلئے انتخابات کا انتظار کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق