
جنوبی 24 پرگنہ، یکم مئی (ہ س)۔ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ووٹنگ کے دوران بے ضابطگیوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے دو اسمبلی حلقوں کے 15 بوتھوں پر دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوبارہ پولنگ میں مگراہٹ ویسٹ اسمبلی حلقہ میں 11 بوتھ اور ڈائمنڈ ہاربر میں چار بوتھ شامل ہیں۔ دوبارہ پولنگ 2 مئی کو صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک ہوگی۔
کمیشن نے یہ فیصلہ 29 اپریل کو ووٹنگ کے دوران موصول ہونے والی شکایات اور رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد کیا ہے۔ ریٹرننگ افسران اور مبصرین کی رپورٹس، ویڈیو فوٹیج اور زمینی حقائق کی بنیاد پر عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کی دفعہ 58(2) کے تحت ووٹنگ منسوخ کر دی گئی تھی۔ہدایت کے مطابق تمام ری پولنگ بوتھس پر مرکزی سیکورٹی فورسز کی سخت تعیناتی کی جائے گی۔ ووٹنگ کا عمل ویب کاسٹنگ اور مائیکرو مبصرین کی نگرانی میں کیا جائے گا۔ ضلعی الیکشن افسران کو سکیورٹی کے وسیع انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کمیشن نے یہ بھی کہا ہے کہ جن علاقوں میں دوبارہ پولنگ ہونی ہے وہاں عوامی اعلان اور دیگر ذرائع سے وسیع پیمانے پر تشہیر کی جائے اور تمام امیدواروں کو تحریری معلومات فراہم کی جائیں، تاکہ پورا عمل شفاف رہے۔دوبارہ پولنگ میں مگرہاٹ ویسٹ اسمبلی حلقہ کے 11 اور ڈائمنڈ ہاربر کے چار بوتھس کا احاطہ کیا جائے گا۔ مگرہاٹ ویسٹ کے بوتھوں میں اتر ایر پور ایف پی اسکول، نجرا پور اسکول، دیوہت ایف پی اسکول، گھولا نیاپارہ گرلز ہائی مدرسہ، ایکتارا ملک فری پرائمری اسکول، اور بہیر پور کرکوریا فری پرائمری اسکول کے مختلف کلاس روم شامل ہیں۔ ڈائمنڈ ہاربر میں بگڈا جونیئر ہائی اسکول، چندنا فری پرائمری اسکول، ہردیو پور فری پرائمری اسکول اور رائے نگر ہیپی اسکول کے بوتھس پر دوبارہ پولنگ کی جائے گی۔
دریں اثنا، فالٹا اسمبلی حلقہ کے کچھ بوتھوں پر دوبارہ پولنگ کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ معاملہ ابھی زیر غور ہے اور حتمی فیصلہ رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔کمیشن نے واضح کیا ہے کہ دوبارہ پولنگ کا گنتی کی تاریخ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور ریاست بھر میں 4 مئی کو گنتی ہوگی۔سیاسی ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔ ترنمول کانگریس نے کمیشن کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے جمہوریت کو مضبوط کرنے کا ایک قدم قرار دیا، جب کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے فالٹا اور دیگر بوتھوں پر دوبارہ پولنگ کا مطالبہ کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan