
حیدرآباد، یکم مئی (ہ س)۔نائب وزیراعلی اوروزیر بجلی بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ عوام کو کسی دشواری کے بغیربلا رکاوٹ بجلی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ تلنگانہ میں موسم گرما کی شدت کے نتیجہ میں برقی کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔ باوجود اس کے تمام شعبہ جات کو بلاوقفہ بجلی فراہمی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ بھٹی وکرامارکا نے تلنگانہ کے بشمول ملک بھرمیں بجلی کی طلب میں تیزی سے اضافہ کی صورتحال کے پس منظر میں محکمہ بجلی کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں ریاست کی فراہمی موقف کا جائزہ لیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ موسم گرما کی شدت کے نتیجہ میں ایرکنڈیشنر اور کولرس کے استعمال میں مکانات اوردفاترمیں اضافہ ہوا ہے۔ پاورگرڈ پراضافی دباؤ کے باوجود گھریلو،زرعی اور صنعتی شعبہ کے لئے مؤثربجلی سپلائی جاری ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے عہدیداروں کو پابند کیاکہ ہاسپٹلس، پانی کی سپلائی اسکیمات اوردیگر بنیادی ضرورتوں کے لئے سپلائی میں کوئی رکاوٹ نہ ہونے پائے۔ اعلیٰ عہدیداروں کوسپلائی پر راست نگرانی کرنی چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ بجلی پیداوارکے تمام یونٹس کوکارکرد رکھا جائے تاکہ بجلی طلب کی تکمیل کی جاسکے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ درجہ حرارت میں آنے والے دنوں میں مزید اضافہ کا امکان ہے لہذا بجلی اداروں کو پہلے سے ہی ایکشن پلان تیارکرنا چاہئے۔ عہدیداروں نے کہاکہ ریاست میں بجلی نظام مستحکم ہے اورکسی بھی چیالنج سے نمٹنے کے لئے تیارہے۔ بھٹی وکرامارکا نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ بجلی تیاری اور سپلائی کی مؤثر نگرانی کرتے ہوئے تمام زمرہ جات کو معیاری سپلائی یقینی بنائی جائے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق