
حیدرآباد، یکم مئی (ہ س)۔
ریاستی وزیراطلاعات و تعلقات عامہ پی سرینواس ریڈی نے ریاست میں نئے ایکریڈیشن کارڈس کی تقسیم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ تمام اہل صحافیوں میں اندرون 15 یوم ایکریڈیشن کارڈس تقسیم کردیئے جائیں گے ۔ آج حمایت نگراسٹیٹ ہاؤزنگ کارپوریشن کے دفترمیں ایکریڈیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صدرنشین پریس اکیڈیمی سرینواس ریڈی ،نیوزایڈیٹر سیاست عامرعلی خان کے علاوہ کمیٹی کے دوسرے اراکین نے شرکت کی ۔ ریاستی وزیر پی سرینواس ریڈی نے حکومت کا واضح موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ تمام اہل صحافیوں کو ایکریڈیشن کارڈس جاری کئے جائیں گے۔ اس میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی ۔ وزیرنے بتایا کہ ایکریڈیشن کارڈس کی فراہمی میں تاخیرسخت جانچ کے عمل کی وجہ سے ہوئی ہے۔ تاکہ صرف مستحق افراد کو ہی فائدہ مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اندازہ کے مطابق تقریباً 45 سے 46 ہزارافراد اہل ہوسکتے ہیں ۔ جبکہ سابق حکومت میں یہ تعداد 32 سے35 ہزار کے درمیان تھی ۔ پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ اب تک تقریباً 2500 صحافیوں کوریاستی سطح کے کارڈس کیلئے منظوری دی جاچکی ہے ۔ جبکہ ضلعی سطح پربھی عمل تیزی سے جاری ہے ۔ انہوں نے یقین دہائی کرائی کے تمام کارڈس اندرون 15 یوم جاری کردیئے جائیں گے۔ ایک طرف موجودہ ایکریڈیشن کے کاڈرس کی میعاد میں پھرایک مرتبہ /31 مئی 2026 ء تک توسیع دی گئی ہے ۔ دوسری جانب محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے اسپیشل کمشنر جی مکندا ریڈی نے تمام اضلاع کے کلکٹرس کو ہدایت دی ہے کہ ڈسٹرکٹ میڈیا ایکریڈیشن کمیٹی کے اجلاس جلد ازجلد مکمل کرلیں اور اندرون 15 یوم تمام منظورشدہ اہل صحافیوں کو نئے ایکریڈیشن جاری کردیں ۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق