
نئی دہلی، یکم مئی (ہ س)۔
نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ’آپریشن وائٹ اسٹرائیک‘ کے تحت ممبئی اور ملحقہ علاقوں میں ایک بڑے بین الاقوامی کوکین سمگلنگ ریکیٹ کا پردہ فاش کیا ہے اور تقریباً 349 کلو گرام اعلیٰ قسم کی کوکین ضبط کی ہے، جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت تقریباً 1,745 کروڑ روپے ہے۔
وزارت داخلہ نے جمعہ کو کہا کہ یہ آپریشن چھ ماہ سے زیادہ کی انٹیلی جنس نگرانی اور معلومات کے تجزیہ کے بعد کیا گیا۔ این سی بی کی ٹیموں نے نئی ممبئی میں کالمبولی اور تھانے میں بھیونڈی لاجسٹک کوریڈور پر چھاپے مارے تاکہ منظم نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا جا سکے۔آپریشن کے پہلے دور میں، ایک ماروتی سوزوکی سپر کیری گاڑی کو کالمبولی میں کے ڈبلیو سی ویئر ہاو¿سنگ کمپلیکس کے قریب روکا گیا، اور اس سے 136 کلو گرام کوکین برآمد کی گئی۔ اسمگلروں نے کوکین کرکٹ کے پیڈز اور دستانے میں چھپا رکھی تھی۔ ایک مشتبہ شخص کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔پوچھ گچھ کے دوران جمع کی گئی معلومات کی بنیاد پر، این سی بی نے بھیونڈی میں ایک گودام پر چھاپہ مارا اور 213 کلو گرام اضافی کوکین برآمد کیا۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ منشیات کو درآمد شدہ مشینری کے خفیہ ڈبوں میں چھپا کر بھارت میں اسمگل کیا گیا تھا اور پھر گودام میں محفوظ کیا گیا تھا۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے این سی بی ٹیم کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ حکومت منشیات کے خلاف ’زیرو ٹالرنس‘کی پالیسی پر کام کر رہی ہے اور منشیات کے کارٹلز کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ این سی بی نے ایک بڑے بین الاقوامی منشیات سنڈیکیٹ کے خلاف کریک ڈاو¿ن کرتے ہوئے ممبئی میں 1745 کروڑ روپے کی 349 کلو گرام اعلیٰ قسم کی کوکین ضبط کی ہے۔ یہ آپریشن چھوٹی کنسائنمنٹس کا پتہ لگا کر بڑے نیٹ ورک تک پہنچنے کی ’نیچے سے اوپر‘ حکمت عملی کی ایک بہترین مثال ہے۔ اس شاندار کامیابی کے لیے ٹیم این سی بی کو مبارکباد۔نریندر مودی کی قیادت میں حکومت نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔این سی بی اب سنڈیکیٹ کے سرغنہ، فنانسرز اور اس میں شامل دیگر افراد کی تلاش کر رہا ہے۔ حکام کے مطابق، بھارت میں عام طور پر سالانہ صرف 200-300 کلو گرام کوکین پکڑی جاتی ہے، جو اس کارروائی کو انتہائی اہم بناتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan