فرانس میں ہندوستانی فن و ثقافت کا شاندار مظاہرہ، فوئر ڈی پیرس میں مدھیہ پردیش کے باغ پرنٹ کا پرچم لہرایا
بھوپال، یکم مئی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے انمول دستکاری ورثے ’’باغ پرنٹ‘‘ کا پرچم پیرس میں لہرا رہا ہے۔ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں منعقدہ ’’فوئر ڈی پیرس‘‘ میں ہندوستانی فن اور ثقافت کا شاندار مظاہرہ دیکھا جا رہا ہے۔ ’’فوئر ڈی پیرس‘‘ فرانس کا تاریخی
باغ پرنٹ کے فنکار محمد بلال کھتری فائل


بھوپال، یکم مئی (ہ س)۔

مدھیہ پردیش کے انمول دستکاری ورثے ’’باغ پرنٹ‘‘ کا پرچم پیرس میں لہرا رہا ہے۔ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں منعقدہ ’’فوئر ڈی پیرس‘‘ میں ہندوستانی فن اور ثقافت کا شاندار مظاہرہ دیکھا جا رہا ہے۔ ’’فوئر ڈی پیرس‘‘ فرانس کا تاریخی سالانہ تجارتی میلہ ہے۔ یہ بنیادی طور پر گھر، سجاوٹ، گیسٹرونومی، دستکاری اور اختراع پر مرکوز ہوتا ہے۔ اس سال 12 روزہ فوئر ڈی پیرس کا گزشتہ روز (30 اپریل) کو شاندار آغاز ہوا۔ اس موقع پر ہندوستانی سفارت خانہ، پیرس کی تھرڈ سکریٹری وردھا خان نے بھارتی پویلین کا باضابطہ افتتاح کیا۔

عوامی رابطہ افسر کے کے جوشی نے جمعہ کو بتایا کہ پروگرام کے دوران مدھیہ پردیش کے ضلع دھار کے موضع باغ کے مشہور فنکار، قومی و بین الاقوامی ایوارڈ یافتہ محمد بلال کھتری نے وردھا خان کا استقبال روایتی ’’باغ پرنٹ‘‘ کا انگ وستر (گلوبند) پہنا کرکیا۔ بلال نے انہیں اس قدیم دستکاری کے فن کی باریکیوں اور اس کے قدرتی رنگوں کے عمل کے بارے میں تفصیلی معلومات دیں۔

افتتاح کے بعد وردھا خان نے ہندوستانی اسٹالز کا دورہ کیا اور باغ پرنٹ کے فن کو گہرائی سے سمجھا۔ اس فن میں اپنی دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے خود اپنے ہاتھوں سے لکڑی کے ٹھپوں (بلاکس) کا استعمال کر کے ایک رومال تیار کیا۔ انہوں نے ہندوستانی دستکاروں کی مہارت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر اس طرح کا مظاہرہ ہندوستانی ورثے کو عالمی شناخت دلانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ عوامی رابطہ افسر کے مطابق، حکومت ہند کی وزارتِ ٹیکسٹائل کے محکمہ دستکاری نے اس تاریخی دورے کے لیے باغ پرنٹ کا انتخاب کیا اور نیشنل ایوارڈ یافتہ فنکار محمد بلال کھتری کو اس کی ذمہ داری سونپی گئی۔ کھتری فرانس کے پیرس میں منعقد ہو رہے یورپ کے سب سے بڑے اور معتبر کنزیومر میلے ’’فوئر ڈی پیرس‘‘ میں ہندوستان اور مدھیہ پردیش کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ یہ ملک اور ریاست کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پیرس کے پورٹے ڈی ورسائے میں 30 اپریل سے 11 مئی 2026 تک منعقد ہو رہے اس 12 روزہ شاندار ایونٹ میں، فنکار محمد بلال کھتری باغ پرنٹ کا لائیو ڈیمونسٹریشن (عملی مظاہرہ) دے رہے ہیں۔ یہ مظاہرہ بین الاقوامی ناظرین کے لیے ایک حیرت انگیز تجربہ بنا ہوا ہے، جہاں وہ براہِ راست دیکھ رہے ہیں کہ کس طرح ایک عام کپڑے پر روایتی قدرتی رنگوں اور نقش و نگار والے بلاکس کے ذریعے بہترین فن پارے ابھارے جاتے ہیں۔ باغ پرنٹ پیرس میں نہ صرف روایتی ہندوستانی ورثے کی نمائندگی کر رہا ہے، بلکہ جدید ڈیزائنوں کے ساتھ مل کر ایک عالمی اپیل بھی پیدا کر رہا ہے۔ ’’فوئر ڈی پیرس‘‘ کے لیے ملک بھر کے پانچ بہترین فنون میں باغ پرنٹ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

فوئر ڈی پیرس یورپ کا قدیم ترین اور سب سے بڑا ملٹی پرپز ریٹیل میلہ ہے۔ یہ 1904 سے ہر سال پیرس (پورٹ ڈی ورسائے نمائش مرکز) میں منعقد کیا جاتا ہے اور اس میں گھریلو سامان، فیشن، سجاوٹ اور دستکاری سے متعلق مصنوعات کی ایک وسیع رینج نمائش کے لیے پیش کی جاتی ہے۔ یہاں 47 سے زیادہ ممالک کے 1400 سے زائد نمائش کنندگان اور 6 لاکھ سے زیادہ زائرین جمع ہو رہے ہیں۔ یہ میلہ ان دستکاریوں کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے جن میں ’’ہیومن ٹچ‘‘ اور پریمیم فنش کو ترجیح دی جاتی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande