
بھوپال، یکم مئی (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر جیتو پٹواری نے ملک میں مسلسل بڑھتی مہنگائی اور رسوئی گیس کی قیمتوں کو لے کر مرکزی حکومت پر سخت نشانہ سادھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے وقت کیے گئے وعدوں کے برعکس آج عام عوام کو راحت نہیں، بلکہ مہنگائی کی مار جھیلنی پڑ رہی ہے۔
جیتو پٹواری نے جمعہ کو میڈیا میں جاری اپنے بیان میں کہا کہ ’’بہت ہوئی مہنگائی کی مار، اب کی بار مودی سرکار‘‘ کا نعرہ دینے والی بی جے پی حکومت آج مہنگائی کو عروج پر پہنچانے میں لگی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ فروری سے اب تک کمرشل گیس سلنڈر کے قیمتوں میں تقریباً 1380 روپے تک کا اضافہ ہوا ہے، جو تقریباً 81 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رسوئی گیس اور کمرشل گیس دونوں کی قیمتیں بڑھنے سے غریب اور متوسط طبقے کا بجٹ پوری طرح بگڑ گیا ہے۔ مرکزی حکومت کی اسکیموں پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اجولا یوجنا کے ذریعے راحت دینے کے دعوے اب مہنگے سلنڈر کے بوجھ تلے دب گئے ہیں۔ پٹواری نے کہا کہ کمرشل گیس سلنڈر کی قیمت تین ہزار روپے کے پار پہنچنے سے ہوٹل، ڈھابوں اور چھوٹے تاجروں کی لاگت بڑھ گئی ہے، جس کا براہِ راست اثر عام عوام پر پڑ رہا ہے۔ کھانے پینے کی چیزیں مہنگی ہو گئی ہیں اور روزمرہ کے اخراجات تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے ملک میں بڑھتی بے روزگاری اور معاشی بحران کو بھی سنگین مسئلہ بتاتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار نہیں مل رہا اور تجارتی سرگرمیاں کمزور پڑ رہی ہیں۔ پٹواری نے الزام لگایا کہ ملک میں بڑھتی مہنگائی اور معاشی بدنظمی کے لیے مرکز کی بی جے پی حکومت ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی عام عوام کی آواز بن کر ان مسائل کو اٹھاتی رہے گی اور راحت دلانے کے لیے سڑک سے ایوان تک جدوجہد جاری رکھے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن