ناگپور میں بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد، علاقے میں سنسنی
Crime Nagpur Explosives
Crime Nagpur Explosives


ناگپور، 7 اپریل (ہ س)۔ ناگپور کے سنٹرل ایونیو علاقے میں میٹرو اسٹیشن کے قریب ایک مشتبہ بیگ سے بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد ہونے کے بعد علاقے میں ہلچل مچ گئی، پولیس اور بم ناکارہ دستے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مواد کو محفوظ کر لیا اور تفتیش شروع کر دی ہے۔ یہ واقعہ گنیش پیٹھ پولیس اسٹیشن حدود کے دوسر بھون چوراہے کے قریب پیش آیا، جہاں منگل کی صبح ایک مکان کے پاس مشتبہ بیگ کی اطلاع پولیس کو دی گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور بیگ کی جانچ کی گئی۔ تفتیش کے دوران بیگ سے 15 جیلٹن کی چھڑیاں، 58 ڈیٹونیٹر اور 8 کنیکٹر برآمد کیے گئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ بیگ گزشتہ ایک سے ڈیڑھ ماہ سے وہاں پڑا ہوا تھا، تاہم صبح کے وقت اس میں موجود جیلٹن کی چھڑیاں باہر نظر آنے لگیں جس کے بعد مکان مالک نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔اطلاع کے بعد بم تلاش و ناکارہ بنانے والی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو سیل کیا اور مکمل تلاشی مہم چلائی، جس کے بعد تمام دھماکہ خیز مواد کو محفوظ طریقے سے ضبط کر کے مزید جانچ کے لیے بھیج دیا گیا۔ خوش آئند بات یہ رہی کہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی جانچ میں اس واقعے کا تعلق ناگپور ضلع کے کاتول علاقے میں واقع ایک کمپنی میں ہونے والے دھماکے سے جوڑا جا رہا ہے، جہاں سے یہ مواد یہاں لا کر پھینکے جانے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم اس کی باضابطہ تصدیق ابھی نہیں ہوئی ہے۔پولیس ڈپٹی کمشنر راہول مدنے نے بتایا کہ برآمد شدہ تمام مواد کو محفوظ کر لیا گیا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت دیگر تکنیکی شواہد کی بنیاد پر مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے۔پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر دھیان نہ دیں اور کسی بھی مشتبہ شے کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔ واضح رہے کہ یہ علاقہ انتہائی حساس مانا جاتا ہے، جہاں سے تقریباً 200 میٹر کے فاصلے پر جامع مسجد، 500 میٹر پر پودداریشور رام مندر اور ڈیڑھ سے دو کلومیٹر کے فاصلے پر راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کا ہیڈکوارٹر واقع ہے، جس کے باعث اس واقعے کی سنگینی مزید بڑھ گئی ہے۔ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande