



کانگریس کے امیدوار نہ اتارنے سے قانون ساز کونسل انتخاب بلا مقابلہ
۔ بی جے پی، شیوسینا اور این سی پی سمیت نو امیدواروں کے کاغذات داخل
ممبئی، 30 اپریل (ہ س)۔ مہاراشٹر میں قانون ساز کونسل کی آئندہ ہونے والی انتخابات اب بلا مقابلہ ہونے کی راہ پر گامزن ہو گئے ہیں، کیونکہ کانگریس کی جانب سے الیکشن میں امیدوار کھڑا نہ کرنے کے فیصلے کے بعد مقابلہ ختم ہو گیا ہے۔ یہ انتخابات 12 مئی کو منعقد ہونے والے تھے، تاہم نامزدگی کے عمل کے بعد صورتحال واضح ہو گئی ہے کہ تمام نشستیں بغیر مقابلہ طے ہوں گی۔
آج دوپہر 3 بجے تک نامزدگی فارم داخل کرنے کی آخری مہلت تھی، جس کے تحت مختلف سیاسی جماعتوں کے کل نو امیدواروں نے اپنے کاغذات جمع کرائے۔ ان میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے پانچ، شیوسینا (ایکناتھ شندے گروپ) کے دو، جبکہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (اجیت پوار گروپ) اور مہاوکاس اگھاڑی کی جانب سے ایک ایک امیدوار شامل ہے۔ کسی بھی پارٹی کی طرف سے اضافی امیدوار نہ لانے کے باعث اب یہ انتخاب بلامقابلہ ہونا طے ہو گیا ہے۔
انتخابی پروگرام کے مطابق قانون ساز کونسل کی کل 10 نشستوں کے لیے عمل طے کیا گیا تھا، جس میں 9 نشستوں پر باقاعدہ انتخاب اور ایک نشست پر ضمنی انتخاب شامل تھا۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق 12 مئی کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ووٹنگ ہونی تھی اور اسی روز نتائج کا اعلان بھی ہونا تھا، تاہم موجودہ صورتحال میں ووٹنگ کی ضرورت باقی نہیں رہی۔
کل 10 امیدواروں نے کاغذات داخل کیے ہیں، جن میں تین آزاد امیدوار بھی شامل تھے، لیکن انہیں 10 ارکان اسمبلی کی بطور تجویز کنندہ حمایت حاصل نہ ہونے کے سبب ان کے کاغذات مسترد کیے جانے کا امکان ہے۔ پارٹی وائز امیدواروں کی فہرست کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے سنیل کرجتکر، مادھوی نائیک، سنجے بھینڈے، ویویک کولہے، پرمود جٹھار اور ضمنی انتخاب کے لیے پرگیا ساتو میدان میں ہیں۔ شیوسینا (شندے گروپ) کی طرف سے نیلم گورے اور بچو کڈو کو نامزد کیا گیا ہے، جبکہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (اجیت پوار گروپ) نے ذیشان صدیقی کو امیدوار بنایا ہے۔ مہاوکاس اگھاڑی کی جانب سے شیوسینا (ادھو ٹھاکرے گروپ) کے رہنما امباداس دانوے امیدوار ہیں۔ امباداس دانوے نے اپنا نامزدگی فارم کانگریس کے سینئر رہنما وجئے وڈیٹیوار، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار گروپ) کے رکن اسمبلی روہت پوار، شیوسینا (ٹھاکرے گروپ) کے رکن پارلیمنٹ انیل دیسائی اور رکن اسمبلی ملند نارویکر کی موجودگی میں داخل کیا۔
دریں اثنا کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے واضح کیا کہ پارٹی قانون ساز کونسل کے لیے امیدوار نہیں دے گی اور ادھو ٹھاکرے کے فیصلے کی مکمل حمایت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مہاوکاس اگھاڑی کے مشترکہ امیدوار امباداس دانوے ہی ہوں گے اور اتحاد آئندہ بھی بی جے پی اور اس کے اتحادیوں کے خلاف متحد ہو کر مقابلہ کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں مہاوکاس اگھاڑی کو اچھا نتیجہ ملا تھا اور آئندہ بھی اتحاد برقرار رکھا جائے گا۔ سپکال نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ اتحاد کے اندر کسی قسم کی ناراضگی موجود نہیں ہے اور تمام پارٹیاں ایک ساتھ کام کر رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے