
نئی دہلی، 30 اپریل (ہ س)۔ دہلی ہائی کورٹ کے جسٹس جیوتی سنگھ نے الیکٹرانکس برانڈ بوٹ (بی او اے ٹی) کے شریک بانی امن گپتا کی طرف سے دائر درخواست پر سماعت کرنے سے انکار کر دیا ہے جس میں ان کے ذاتی حقوق کے تحفظ کی مانگ کی گئی ہے۔ جسٹس جیوتی سنگھ نے درخواست کی سماعت سے خود کو الگ کر لیا اور درخواست کو جسٹس تشار راؤ گڈیلا کی سربراہی والی بنچ کے سامنے درج کرنے کا حکم دیا۔ درخواست پر اگلی سماعت 7 مئی کو ہوگی۔
امن گپتا کی طرف سے سینئر وکلاء شیل ترہان اور نکول گاندھی عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ امن گپتا کی تصاویر اور اے آئی سے تیار کردہ مواد کا غیر مجاز استعمال درخواست گزار کے ذاتی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ہائی کورٹ اس سے قبل کئی اہم شخصیات کے لیے اسی طرح کے حقوق کے تحفظ کا حکم دے چکی ہے۔ ان میں تیلگو اداکار اللو ارجن، کہانی کار انیرودھاچاریہ، ملیالم اداکار موہن لال، سابق ایم پی گوتم گمبھیر، اچاریہ بال کرشن، اداکارہ سوناکشی سنہا، بابا رام دیو، اداکارہ کاجول، اداکار وویک اوبرائے، آندھرا پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ پون کلیان، سابق کرکٹر سنیل گواسکر، اداکاراجے دیوگن،ادکارسلمان خان، اداکارہ اور ممبرپارلیمنٹ جیا بچن، صحافی سدھیر چودھری، سری سری روی شنکر، تیلگو اداکار ناگارجن، اداکارہ ایشوریہ رائے، ابھیشیک بچن، اور فلم پروڈیوسر کرن جوہر شامل ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی