
نئی دہلی، 03 اپریل (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے رائسین کے دسہرہ میدان میں 11 سے 13 اپریل تک منعقد ہونے والے زرعی فیسٹیول-نمائش کا افتتاح وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کریں گے۔ اس موقع پر مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو بھی خصوصی طور پر موجود رہیں گے۔ 13 اپریل کو اختتامی سیشن میں مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہرہ نتن گڈکری موجود رہیں گے۔ اس موقع پر علاقے کے لیے جامع زرعی روڈ میپ جاری کیا جائے گا۔
وزارتِ زراعت کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ ریلیز کے مطابق، دسہرہ میدان، رائسین میں لگنے والے اس بڑے قومی زرعی میلے میں کھیتی کی نئی تکنیکوں، جدید بیجوں، ڈرون اور جدید مشینوں، مائیکرو اریگیشن (خرد آبپاشی)، مویشی پروری-ماہی پروری، پروسیسنگ، کسان پروڈیوسر آرگنائزیشن (ایف پی او) اور دیہی معاش کے سینکڑوں اسٹالز لگیں گے، جہاں کسان دیکھیں گے بھی، سیکھیں گے بھی اور فوری فائدہ حاصل کرنے کے طریقے بھی سمجھیں گے۔
اختتامی سیشن میں رائسین، ودیشا، سیہور اور آس پاس کے یکساں زرعی-آب و ہوا (ایگرو-کلائیمیٹک) خطے کے لیے خصوصی زرعی روڈ میپ پیش کیا جائے گا، جس میں پیداوار بڑھانے سے لے کر مارکیٹ تک رسائی مضبوط کرنے کی واضح سمت دی جائے گی۔
مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے جمعہ کو صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ تقریباً تین سو اسٹالز پر مشتمل یہ کثیر جہتی نمائش کھیتی کے ہر مرحلے- ان پٹ سے لے کر پروسیسنگ اور مارکیٹنگ تک کے حل ایک ہی جگہ فراہم کرے گی۔ اس میں زراعت، باغبانی، مائیکرو اریگیشن، زرعی مشینری و ٹیکنالوجی، کھاد، کیڑے مار ادویات، بیج کمپنیاں، ڈیجیٹل زراعت، فصل بیمہ، انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ (آئی سی اے آر)، اسٹیٹ ایگریکلچر یونیورسٹی، کرشی ویگیان کیندر، مویشی پروری، ماہی گیری، دیہی ترقی، فوڈ پروسیسنگ، مائیکرو-اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایم ایس ایم ای)، نیشنل ایگریکلچرل کوآپریٹو مارکیٹنگ فیڈریشن آف انڈیا، ایف پی او اور اسٹارٹ اپس کی فعال شراکت رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے لیے موضوعاتی سیمینار-تربیتی سیشن، لائیو ڈیمو، نکڑ ناٹک، ثقافتی پروگرام اور مختلف ریاستوں سے آئے ہوئے ترقی پسند کسانوں کے تجربات شیئر کرنے کے خصوصی پروگرام بھی منعقد ہوں گے، جس سے ’کھیتی کا گیم چینجر- قومی زرعی میلہ، رائسین‘ کا پیغام صرف پوسٹر تک محدود نہ رہ کر زمین پر نظر آئے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن