
احمد آباد، 29 اپریل (ہ س)۔ گجرات میں مقامی میونسپل کارپوریشن، میونسپلٹی اور مقامی باڈیز کے انتخابی نتائج منگل کو اعلان کر دیے گئے۔ ریاست کی 15 میونسپل کارپوریشنوں، 84 میونسپلٹیوں، 34 ضلع پنچایتوں اور 260 تحصیل پنچایتوں کے لیے ہونے والی ووٹوں کی گنتی کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ایک بار پھر زبردست جیت درج کی ہے۔ کل 10,005 نشستوں میں سے 732 نشستیں پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہو چکی تھیں۔
انتخابی نتائج کے مطابق بی جے پی نے تمام 15 میونسپل کارپوریشنوں پر قبضہ برقرار رکھا ہے۔ 84 میونسپلٹیوں میں سے 78 پر بی جے پی اور 6 پر کانگریس نے جیت حاصل کی ہے۔ 34 ضلع پنچایتوں میں سے 33 پر بی جے پی کا کنٹرول قائم ہوا ہے، جبکہ 260 تعلقہ پنچایتوں میں سے 253 نشستیں بی جے پی کے کھاتے میں گئی ہیں۔ بقیہ 7 نشستیں کانگریس اور عام آدمی پارٹی (عآپ) کو ملی ہیں۔
سورت میونسپل کارپوریشن میں بھی بی جے پی نے اپنا دبدبہ قائم رکھتے ہوئے 115 نشستوں پر جیت حاصل کی ہے۔ یہاں عام آدمی پارٹی، جس نے 2021 میں 27 نشستیں جیتی تھیں، اس بار گھٹ کر صرف 4 نشستوں تک سمٹ گئی۔ کانگریس کو 1 نشست ملی ہے۔ وہیں امریلی ضلع کی بگسرا تحصیل پنچایت میں عام آدمی پارٹی نے پہلی بار جیت درج کر کے تاریخ رقم کی ہے۔
بی جے پی کی یہ کارکردگی سال 2021 کے انتخابات سے بھی بہتر مانی جا رہی ہے۔ پارٹی نے اس بار بھی 100 فیصد میونسپل کارپوریشنوں پر قبضہ برقرار رکھا ہے، جبکہ میونسپلٹیوں، ضلع پنچایتوں اور تعلقہ پنچایتوں میں بھی بھاری اکثریت حاصل کی ہے۔
انتخابات میں بی جے پی کے ریاستی صدر جگدیش بھائی وشوکرما کی قیادت میں بوتھ لیول تک کی گئی مائیکرو مینجمنٹ حکمت عملی کو کامیابی کی بڑی وجہ مانا جا رہا ہے۔ پارٹی نے ڈور ٹو ڈور مہم، گروپ میٹنگوں اور سماجی رابطہ پروگراموں کے ذریعے ووٹروں تک وسیع رسائی بنائی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اس جیت پر گجرات کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ فتح گڈ گورننس اور ترقیاتی کاموں پر عوام کے بھروسے کی علامت ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت مستقبل میں مزید محنت کر کے ریاست کو نئی بلندیوں پر لے جائے گی۔
انتخابی تجزیے کے مطابق شہری علاقوں میں بی جے پی کا مضبوط ووٹ بینک قائم ہے، جہاں پارٹی کو تقریباً 59 فیصد ووٹ شیئر ملا ہے۔ وہیں دیہی علاقوں میں کانگریس ابھی بھی اہم اپوزیشن کے طور پر برقرار ہے، لیکن عام آدمی پارٹی کے بڑھتے ہوئے اثر سے اسے نقصان ہوا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن