
جموں, 29 اپریل (ہ س)جموں کے صوبائی کمشنر رمیش کمار اور انسپکٹر جنرل آف پولیس جموں بھیم سین توتی نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں شری امرناتھ جی یاترا 2026 کے سلسلے میں کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں یاترا کے لیے رجسٹریشن کاؤنٹرز کے قیام اور مختلف مقامات پر آر ایف آئی ڈی سینٹرز کی تنصیب کے منصوبے پر غور کیا گیا، جہاں یاتری اپنی ای-کے وائی سی مکمل کر سکیں گے۔ حکام نے بتایا کہ اس سال آن دی اسپاٹ رجسٹریشن کے لیے ٹوکن سینٹرز توی ریور فرنٹ پر قائم کیے جائیں گے تاکہ ریلوے اسٹیشن کے قریب بھیڑ اور ٹریفک مسائل میں کمی لائی جا سکے۔
ڈویژنل کمشنر نے ہدایت دی کہ ٹوکن سینٹرز پر پینے کے پانی، لنگر اور صفائی ستھرائی کے مناسب انتظامات کیے جائیں۔ بھگوتی نگر بیس کیمپ میں جاری مرمت اور تزئین و آرائش کے کاموں کا بھی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی کہ تمام کام مقررہ وقت کے اندر مکمل کیے جائیں۔
حکام نے بتایا کہ بیس کیمپ سے یاترا قافلہ سیکورٹی کے تحت پہلگام اور بالتل کے لیے روانہ ہوتا ہے، اس لیے یہاں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ڈویژنل کمشنر نے تمام کام 10 جون تک مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے رہائش، واش روم، بجلی، روشنی، بس ٹکٹ بکنگ، کلوک روم اور لنگر کے انتظامات کو بہتر بنانے پر زور دیا۔
اجلاس میں یاترا روٹ پر واقع اضلاع کٹھوعہ، سانبہ، ادھم پور اور رامبن کے لاجمنٹ مراکز کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران کو ہدایت دی گئی کہ بجلی، پانی، سی سی ٹی وی اور دیگر بنیادی سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔
انسپکٹر جنرل پولیس نے سیکورٹی انتظامات پر زور دیتے ہوئے یاترا کے دوران مناسب روشنی اور مقررہ اوقات کی پابندی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ ٹرانسپورٹ محکمہ کو یاتریوں سے زائد کرایہ وصولی روکنے کے لیے اقدامات کرنے کو کہا گیا۔
اجلاس میں مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی اور یاترا کے پرامن اور منظم انعقاد کے لیے باہمی تال میل کو ضروری قرار دیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر