
اداکارہ اُلکا گپتا کی آنے والی ہندی فلم رجنی کی بارات کا پہلا پوسٹر جاری کر دیا گیا ہے، جس نے ریلیز ہوتے ہی شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔ پوسٹر میں، اُلکا پورے اعتماد کے ساتھ اسکوٹر پر اپنی ہی بارات کی قیادت کرتی نظر آ رہی ہیں۔ یہ منفرد منظر روایتی سوچ سے ہٹ کر ایک نئی کہانی کی جھلک پیش کرتا ہے، جس میں ایک لڑکی اپنی زندگی کے فیصلے خود کرتی نظر آئے گی ۔
پوسٹر میں اُلکا کے ساتھ سنیتا راجوار اور زرینہ وہاب بھی مسکراتے ہوئے نظر آ رہے ہیں، جبکہ اشوتھ بھٹ ایک پولیس افسر کے کردار میں نظر آ رہے ہیں۔ پس منظر میں شادی کا رنگین ماحول اور تیاریاں پوسٹر کو بالی ووڈ کا ایک مخصوص احساس دلاتی ہیں۔ کنشک وجے بھی فلم میں اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔
فلم کے ڈائریکٹر، آدتیہ امن کے مطابق، ”رجنی کی بارات“ صرف ایک شادی کی کہانی نہیں ہے، بلکہ ایک ایسی کہانی ہے جو معاشرتی دقیانوسی تصورات کو چیلنج کرتی ہے۔ پروڈیوسرز تنایا آڈارکر پربھو اور تیج ایچ آڈارکر کا کہنا ہے کہ یہ فلم آج کی نسل کو ایک تفریحی اور جذباتی کہانی کے ساتھ جوڑنے کا کام کرے گی۔ اُلکا نے کہا کہ رجنی کا کردار ان کے دل کے بہت قریب ہے۔ ایپی فنی انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے بننے والی یہ فلم 29 مئی 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد